تازہ تر ین

وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

لاہور : (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔دفترخارجہ کے اعلامیے کے مطابق بیجنگ پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال چین کے وزیر ثقافت لیو شوگینگ، پاکستان کے لیے چین کے سفیر یاؤ جنگ اور چین کے لیے پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کیا۔وزیراعظم کے پہنچنے پر ٹرائی سروس اسٹیٹک گارڈ کی جانب سے سلامی پیش کی گئی جبکہ عمران خان کو گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔چین کے دورے پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر برائے منصوبہ بندی اور ترقی خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ زبیر گیلانی بھی موجود ہیں۔قبل ازیں وزیراعظم آفس نے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 8 سے 9 اکتوبر تک چین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کے چانگ سے ملاقات کریں گے اور کشمیر کے متنازع علاقے میں سیکیورٹی صورتحال سمیت اقتصادی تعاون پر بھی بات کریں گے۔دفتروزیراعظم سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘ یہ دورہ چین کے ساتھ پاکستان کے معاشی، سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوگا’۔ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا تھا کہ ‘وزیراعظم مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے جنوبی ایشیا میں پیدا ہونے والی امن و سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے’۔عمران خان کے دورے میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی پیش رفت، چین کی جانب سے ‘بیلٹ اینڈ روڈ’ منصوبے کے حصے کے طور پر شروع کیے جانے والے 60 ارب ڈالر کے انفرااسٹرکچر پروگرام پر تبادلہ خیال بھی شامل ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے پہنچنے سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی سرکاری دورے پر چین پہنچے تھے۔اس بارے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ آرمی چیف سرکاری دورے پر چین پہنچے، جہاں وہ پی ایل اے آرمی کمانڈر، سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین اور کمانڈر سدرن تھیٹر کمانڈ سمیت چینی فوجی قیادت سے ملاقات کریں گے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات میں بھی موجود ہوں گے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2016 All Rights Reserved