تازہ تر ین

قیدیوں کی رہائی تک کابل حکومت کے ساتھ مذاکرات سے انکار،افغان فورسز پر دوبارہ حملے کرینگے ،طالبان کا اعلان

کابل (نیٹ نیوز) افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے امریکا اور طالبان معاہدے کے تحت قیدیوں کو رہا نہ کرنے کے اعلان کے بعد طالبان نے بین الافغان مذاکرات میں شرکت نہ کرنے فیصلہ کرلیا۔29 فروری 2020 کو قطر کے دارالحکومت وحہ میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان تاریخی امن معاہدہ ہوا تھا جس سے 18 سالہ جنگ کے خاتمے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔امن معاہدے میں ایک شرط یہ رکھی گئی تھی کہ 10 مارچ 2020 تک طالبان کے 5 ہزار قیدی اور افغان سکیورٹی فورسز کے ایک ہزار اہلکاروں کو رہا کیا جائے گا اور اس کے فوراً بعد افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان ملک کے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے مذاکرات شروع ہوں گے۔معاہدے کے چند گھنٹوں بعد ہی افغان صدر نے طالبان کے قیدی رہا کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اب افغان طالبان نے بھی بین الافغان مذاکرات سے انکار کردیا ہے۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے غیر ملکی خبرایجنسی کو ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ طالبان قیدیوں کی رہائی تک انٹرا افغان مذاکرات میں شرکت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے 5000 قیدی جن میں سے 100 یا 200 کم یا زیادہ یہ معنی نہیں رکھتا، اگر ان کو رہا نہ کیا گیا تو مذاکرات میں شریک نہیں ہوں گے۔ افغان طالبان نے امریکا کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کے باوجود افغان فورسز کیخلاف کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان طالبان کا کہنا ہے کہ امریکا سے ہونے والے معاہدے سے قبل جو 7 روزہ عارضی جنگ بندی کی گئی تھی اور کا دورانیہ اب ختم ہوچکا ہے لہٰذا افغان فورسز کیخلاف اپنی معمول کی کارروائیاں دوبارہ شروع کررہے ہیں۔گزشتہ روز افغان صدر اشرف غنی نے کہا تھا کہ وہ طالبان کے ساتھ ہونے والی عارضی جنگ بندی کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک بین الافغان مذاکرات کا آغاز نہیں ہوجاتا جو دوحہ معاہدے کی رو سے 10 مارچ تک ممکنہ طور پر شروع ہونا ہے۔ افغان طالبان نے اگلے ہفتے ناروے میں ہونے والے افغان دھڑوں کے ممکنہ مذاکرات میں اتفاق رائے کی صورت میں تشکیل پانے والی مخلوط حکومت میں شمولیت پر اصولی طور پر آمادگی کا اظہارکیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا اور افغان طالبان کے مابین قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طے پانے والے امن معاہدے میں گو طالبان نے افغان سرزمین دہشتگردوں کو استعمال نہ کرنے کی ضمانت دی ہے،باقی شرائط کے مطابق امریکا اپنی فوجیں افغانستان سے نکال لے گا،فریقین ایک دوسرے کے قیدی رہا کردیں گے۔ تاہم ذرائع کا کہنا تھا کہ کچھ باتیں ایسی بھی ہیں جن پر فریقین نے اتفاق تو کیا ہے لیکن انھیں معاہدے کا حصہ نہیں بنایا گیا ان میں ایک یہ بھی ہے کہ طالبان نے انٹرا افغان مذاکرات کے دوران تمام گروپوں پر مشتمل مخلوط حکومت میں شمولیت پر رضا مندی ظاہرکردی ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ طالبان تقریبا ڈیڑھ سال جاری رہنے والے مذاکرات کے دوران مخلوط حکومت میں شمولیت پر آمادہ نہیں ہورہے تھے تاہم امریکا کے علاوہ پاکستان اورامن عمل میں شامل دیگر ممالک نے اس بات پر قائل کرلیاکہ وہ افغانستان میں بننے والی مخلوط حکومت کا حصہ بنیں تاہم طالبان کا کہنا تھا کہ وہ اس شرط پر مخلوط حکومت میں شامل ہوں گے جب صدر اشرف غنی متنازع الیکشن کے ذریعے اپنی5 سالہ مدت پوری کرنے پر اصرار نہیں کریں گے۔طالبان کی اس شرط کے بعد افغانستان کے بارے میں خصوصی امریکی نمائندہ زلمے خلیل زاد کو امن معاہدے پر دستخطوں سے 2 روز قبل دوحہ سے کابل جانا پڑا اور انھوں نے صدر اشرف غنی پر دباﺅ ڈالا کہ وہ نئے انتخابات میں اپنی کامیابی کے بعد حلف برداری کی تقریب ملتوی کردیں۔ اب افغان مسئلہ کے دیرپا حل کیلیے تمام نظریں انٹرا افغان ڈائیلاگ پر لگی ہوئی ہیں۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے غیرملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ جب تک معاہدے کے مطابق 5 ہزار قیدی رہا نہیں کیے جائیں گے تب تک افغانیوں کے ساتھ مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھیں گے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain