تازہ تر ین

پاک فوج کا بڑا اعلان آرمی چیف ایک ماہ،لیفٹیننٹ جنرل سے بریگیڈئیر تک3دن کرنل 2دن سپاہی اور جے سی اوز ایک دن کی تنخواہ ایمرجنسی فنڈ میں دینگے

راولپنڈی(صباح نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف بہترین دفاع آئسولیشن سے زیادہ باہمی تعاون ہے،ہمیں محفوظ پاکستان کے لیے یکجا ہونے کی ضرورت ہے، چیلنجز کا سامنا کرکے ہی قومیں آگے بڑھتی ہیں،عوام کا ریاست پر بھرپور اعتماد ہی اس صورتحال سے نکلنے میں مدد دے سکتا ہے،کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سول اداروں کی امداد کے لیے تیاری اور لائن آف ایکشن کا جائزہ لیا گیاہے، تمام دستیاب نفری اور تمام دستیاب طبی وسائل کو ضرورت کے مطابق بروئے کار لایا جائے گا، صرف ہسپتالوں، کھانے پینے کا سامان فروخت کرنے والی دکانیں، طبی سامان تیار کرنے والی فیکٹریاں اور میڈیکل اسٹورز کھولے جاسکیں گے، تمام اسکولز، ریسٹورنٹس، سینما، شادی ہالز، سوئمنگ پولز بند رہیں گے، ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ صرف فوڈ سپلائی چین کیلئے استعمال ہوگی،شہروں میں ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی، ایئرپورٹس بین الاقوامی پروازوں کے لیے 4 اپریل تک بند رہیں گے، غیور پاکستانی قوم ایک مرتبہ پھر فوج کے ساتھ مل کر اس چیلنج کو بھی عبور کر لیں گے، آرمی چیف نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ، بریگیڈیئرز سے لیفٹیننٹ جنرل تک 3 دن، کرنل تک کے عہدے کے افسران نے 2 دن اور سولجرز اور جے سی اوز نے اپنی ایک، ایک دن کی تنخواہ اس وبا سے نمٹنے کے لیے قائم کیے گئے ایمرجنسی فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پیرکومیڈیا بریفنگ کے دوران میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان کو کرونا وائرس کے شدید چیلنج کا سامنا ہے ، ہمیں محفوظ پاکستان کیلئے یکجا ہونے کی ضرورت ہے، انفرادی ،اجتماعی اور معاشرے کی سطح پر سخت فیصلوں کا وقت ہے ، حکومت نے سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج کو طلب کیا ہے، وباءکا مقابلہ کرنے کیلئے عوام کو گھروں میں محفوظ رکھیں ، کرونا سے نمٹنے کیلئے آرمی چیف ایک ماہ کی تنخواہ دیں گے۔ تمام اہل وطن اور دنیا میں جہاں بھی پاکستانی موجود ہیں ان کو یوم پاکستان مبارک ہو، 80 سال قبل آج ہی کے دن ہمارے اسلاف نے ایک منزل کا تعین کیا اور یکجا ہوکر ناممکن کو ممکن کردکھایا ۔ دنیا کا نقشہ تبدیل کردیا۔ ایک ایسا سنگ میل جو ایک قوم نے یکجا ہوکر ایک منزل پاکستان حاصل کرکے دکھایا آج ان تمام اکابرین کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ ایک آزاد وطن اور اس دو قومی نظریے کیلئے اس کی سچائی آج سب پر عیاں ہورہی ہے۔ آج پھر 23مارچ ہے ۔ آج پھر ان اکابرین کے وارثوں کو ایک نیا چیلنج درپیش ہے۔انھوں نے کہا کہ ایک ایسی قدرتی آفت جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔ حتیٰ کہ ترقی یافتہ ترین ممالک بھی کورونا وائرس کے سامنے بے بس نظر آرہے ہیں۔1940ءمیں قیام پاکستان مقصد تھا اور منزل تھی اب ایک مرتبہ پھر یکجا ہوکر محفوظ پاکستان کیلئے قوم کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ آج کا دن کشمیری بہن بھائیوں کو یاد کرنے کا دن ہے جو بدترین ریاستی دہشت گردی اور اس قدرتی آفت کے مقابلے میں بھی بے یارومددگار ہونے کے باوجود اپنے حق خودارادیت کیلئے مزاحمت کی مثال بنے ہوئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام اس جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوں گے انشاءاللہ پاکستان کو اس وقت کرونا وائرس کا شدید چیلنج درپیش ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ چیلنجز کا سامنا کرکے ہی قومیں آگے بڑھتی ہیں ان حالات میں عوام کا ریاست پر بھرپور اعتماد ہی اس صورتحال سے نکلنے میں مدد دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور اس سلسلے میں یہ کوشش اور تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ گزشتہ شام ایک خصوصی کور کمانڈر کانفرنس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے افواج پاکستان کی سول اداروں کی امداد کیلئے تیاری اور پلان آف ایکشن کا جائزہ لیا گیا ۔ حکومت پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت افواج پاکستان کو سول انتظامیہ کی مدد کیلئے طلب کرلیا ہے۔ پاکستان آرمی کی لائن آف کنٹرول اور ویسٹرن بارڈر پر بھرپور اور بھاری تعیناتی کے باوجود چیف آف آرمی سٹاف نے تمام دستیاب دستوں اور افواج پاکستان کے تمام میڈیکل ذرائع کو ضرورت کے مطابق تعینات کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ وفاق ور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کے تحت صرف ہسپتالوں، کھانے پینے کی اشیاءفروخت کرنے والی دکانیں اور میڈیکل سامان تیار کرنے والی فیکٹریاں اور میڈیکل سٹورز کھلے رہ سکیں گے۔ تمام سکول بند رہیں گے ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی رہے گی۔ تمام قسم کے شاپنگ مال ریستوران ، سینما ، شادی ہال، سوئمنگ پول اور غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی رہے گی۔ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ صرف فوڈ سپلائی کیلئے استعمال کی جائے گی۔ شہروں کے اندر ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ تمام ایئرپورٹس انٹرنیشنل فلائٹس کیلئے 4اپریل تک بند رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پٹرول پمپ اور منڈیاں صوبائی حکومتوں کی طرف سے نوٹی فائیڈ بنیادوں پر ہی کھل سکیں گی ۔ اس حوالے سے صوبائی حکومتیں اپنے اپنے صوبے میں مزید گائیڈ لائن جاری کریں گی ۔ جنہیں سول اداروں کے ساتھ مل کر یقینی بنایا جائے گا۔ تمام حفاظتی اقدامات کے تحت بارڈرز توبند کردئیے گئے ہیں لیکن اصل بارڈر انسان اور کرونا وائرس کے درمیان ہے جس پر ہم نے قابو پانا ہے۔یہ انفرادی خاندانی کمیونٹی اور معاشرے کے طورپر مشکل اور سخت فیصلے کرنے کا وقت ہے۔ انفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو کامیاب کرے گا۔ کرونا وائرس کے خلاف بہترین دفاع آئسولیشن سے بھی زیادہ تعاون ہے۔ دنیا کے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اس قوم کے حوصلے کو بخوبی دیکھا۔ موجودہ چیلنج نے ایک بار پھر ہمارے قومی جذبے کو آزمایا ہے لیکن اس مرتبہ خطرہ بہت ہی مختلف نوعیت کا ہے اس خطرے پر قابو پانے کیلئے افواج پاکستان قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں گی۔ اپنی نقل و حرکت کو محدود رکھنا ہی موثر ترین بچاﺅ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سکریننگ ، ٹیسٹنگ بہت اہم ہیں۔ اس سلسلے میں افواج پاکستان اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر تمام انٹری پوائنٹس پر اس پروسیجر کو یقینی بنایا جارہا ہے اب تک ایک ملین سے زائد مسافروں کی سکریننگ کی گئی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں 12000 سے زیادہ سکریننگ ٹیسٹ کیے گئے ہیں ملک بھر میں قائم کیے گئے قرنطینہ کیمپس میں سیکورٹی اور دیگر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ بہادر اور غیور قوم ایک مرتبہ پھر افواج پاکستان کے ساتھ مل کر اس چیلنج کو بھی عبور کرلیں گے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ آرمی چیف نے اس مدد میں اپنی ایک ماہ کی تنخواہ ، بریگیڈیئر سے لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے تک کے افسروں نے 2دن اور سولجرز اور جے سی اوز اپنی ایک دن کی تنخواہ اس وباءسے نمٹنے کیلئے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آپ اپنی اور اپنے خاندان اور خاص طورپر اپنے گھر میں موجود بزرگوں کی صحت کی حفاظت کیلئے حکومت پاکستان اور وزارت صحت اور ڈاکٹروں کی جانب سے جو ہدایات جاری کی جارہی ہیں ان پر ذمہ دار شہریوں کے طورپر عمل کیجئے خود کو اور اپنے پیاروں کو گھروں تک محدود رکھیں تاکہ ہم اس وباءکا مقابلہ کرسکیں۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ اس جنگ میں پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیجئے ان ہدایات پر عمل کرکے ہی خوف و ہراس سے بچا جاسکتا ہے ۔ انفرادی حفاظت میں ہی مجموعی حفاظت ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain