ویب ڈیسک : پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر سنگین الزامات لگانے والی امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کو پاکستان سے ڈی پورٹ کرنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ کل سماعت کریں گے ۔
سنتھارچی کا ملک بدری کی درخواست پر کہناہے کہ بلاول نےکارکنوں کو انہیں ہراساں کرنے،ملک بدری کی دھمکیاں دینے اور ایف آئی آرز درج کرانے کی اجازت دی ،کیا بلاول متاثرہ خاتون سے یہی سلوک کرسکتے ہیں کہ اس کی آواز ہی دبا دیں؟کم از کم غیرجانبدارانہ تحقیقات تو ہونے دیں۔
پیپلز پارٹی راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری چوہدری افتخار نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری داخلہ، ایف آئی اے اور ایس ای سی پی کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سنتھیا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے اور اس کی رسائی حساس اداروں تک ہے، وہ 10 سال سے پاکستان میں ہے اور اس کے ذرائع آمدن کا معلوم نہیں، سنتھیا کا کوئی کاروبار ایس ای سی پی کے پاس بھی رجسٹرڈ نہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہری نے بے نظیر بھٹو پر بھی الزامات عائد کیےاور عالمی سطح پر ملکی ساکھ کو نقصان پہنچایا، ایف آئی اے معاملے کی انکوائری کر رہا ہے، امریکی شہری کی سرگرمیاں محدود کی جائیں۔
درخواست گزار کے مطابق امریکی شہری سنتھیا رچی کا ویزہ مارچ میں ختم ہو چکا، پاکستان میں قیام غیر قانونی ہے۔ عدالت سنتھیا کو پاکستان سے ڈی پورٹ کرنے کے احکامات جاری کرے۔