اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو گرفتار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر کی گرفتاری کے پیچھے نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے ۔ نیب نے عمران خان کے حکم پر شہباز شریف کو گرفتار کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج سے اے پی سی پروگرام کی شروعات ہو گئی ہے، اے پی سی کے لائحہ عمل پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہر مخالف آواز کو بند کیا جا رہا ہے، شہباز شریف کی گرفتاری اے پی سی کو مفلوج کرنے کے لیے ہے۔ یہ نااہل ، چور اور کرپٹ ہیں۔ہمارے رہنماؤں کو گرفتار کرنے کے بعد بھی اپنے آپ کو نہیں بچاسکتے، آج 22 کروڑ پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی کا فیصلہ کر لیا ہے، لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ایک ایک چیز کا مقابلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ آج پاکستان مسلم لیگ( ن) کے صدر شہباز شریف کو نیب نے گرفتار کرلیا ہے ، لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ اورآمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ان کی عبوری ضمانت مسترد کردی گئی تھی۔