تازہ تر ین

آئین کے تحت سینیٹ انتخابات 10 فروری سے قبل ممکن نہیں، ای سی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں پر وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ آئین کے تحت 10 فروری سے قبل سینیٹ انتخابات نہیں ہوسکتے۔

ای سی پی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ‘چند روز سے سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داریوں پر بھی آرا کا اظہار کیا گیا جس سے کچھ ابہام پیدا ہوا’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘اب محسوس کیا گیا کہ صورت حال کو آئین اور قانون کی روشنی میں واضح کیا جائے، سینیٹ آف پاکستان کے نصف اراکین 11 مارچ 2021 کو اپنی 6 سالہ مدت میعاد پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے’۔

ای سی پی نے کہا کہ ‘آئین کے آرٹیکل 224 کی ذیلی شق تین کے تحت جو نسشتیں اپنی مدت میعاد مکمل ہونے کے بعد خالی ہوں گی ان پر انتخابات 30 دن سے پہلے نہیں ہوسکتے’۔

اپنے بیان میں وضاحت کرتے ہوئے ای سی پی نے کہا کہ ‘ان خالی ہونے والی نشستوں پر انتخابات کا انعقاد آئین کے مطابق 10 فروری 2021 سے قبل نہیں ہوسکتے’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘گزشتہ 4 سے 5 انتخابات مارچ کے پہلے ہفتے میں منعقد ہوتے رہے ہیں اور اس بار بھی الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق مناسب وقت پر ان انتخابات کی تاریخ کا اعلان ایک انتخابی پروگرام کی صورت میں جاری کرے گا’۔

ای سی پی نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ ‘آئین کے آرٹیکل 218(3)، 224(3) اور الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 107 کے تحت سینیٹ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن اس ذمہ داری کو نبھانے کے لیے پر عزم ہے’۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain