مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 19 فروری کو ہونے والے الیکشن، محض الیکشن نہیں ہیں بلکہ ووٹ چوروں کے خلاف جنگ ہے جبکہ حکومت سے قانون سازی یا سینیٹ کی نشستوں پر بات نہیں ہوگی، لانگ مارچ میں فیض آباد جا کر بات ہوگی۔
سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے میں خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ ‘نواز شریف کی کہی ہوئی ایک ایک بات سچ ثابت ہورہی ہے، انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ تھا کہ بچے یہ تمھارے بس کا روگ نہیں ہے’۔
مریم نواز نے کہا کہ ‘انہوں نے خواجہ آصف کو کہا کہ نواز شریف کا ساتھ چھوڑ دو جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ مر جاؤں گا لیکن ساتھ نہیں چھوڑوں گا’۔
مریم نواز نے کہا کہ ‘وزیراعظم عمران خان کو خواجہ آصف کی وہ بات بہت بری لگی جو انہوں نے پارلیمنٹ میں کہی تھی کہ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘آج پورا پاکستان خواجہ آصف کی بات کہہ رہا ہے’۔
’19 فروری کا الیکشن ووٹ چوروں کے خلاف جنگ ہے’
ان کا کہنا تھا کہ ’19 فروری کو الیکشن، محض ایک الیکشن نہیں بلکہ جنگ ہے جو نواز شریف نے ان ووٹ چوروں کے خلاف شروع کر رکھی ہے’۔
مریم نواز نے کہا کہ ‘میں اللہ کا شکر ادا کررہی ہوں کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب اپنے حق کے لیے کھڑا ہوگیا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہماری جنگ تمہارے ساتھ نہیں کیونکہ تم تو لے پالک بچے ہو اور اس الیکشن میں ایک طرف نواز شریف ہے اور دوسری طرف آٹا چور’۔
‘تابع دار بندے نے عوام کی خدمت نہیں’
ان کا کہنا تھا کہ تابع دار بندے نے عوام کی خدمت نہیں کی بلکہ سلیکٹرز کی خدمت میں لگ گیا۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ ‘جب ان کی طرف سے کوئی ووٹ مانگنے آئے تو پوچھنا کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، ادویات مہنگی کرکے کس منہ سے ووٹ مانگنے آئے ہو’۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دائیں، بائیں، آگے اور پیچے بجلی، دوائیں اور چینی چور ہیں جبکہ نیچے اے ٹی ایمز ہیں۔
مریم نواز نے جلسہ کے شرکا کو مخاطب کرکے کہا کہ ‘پنجابیو! نواز شریف اور شہباز شریف کی یاد آتی ہے؟’
ان کا کہنا تھا نواز شریف اور شہباز شریف کے بغیر پنجاب لاوارث ہوگیا ہے، بتاؤ پنجابیوں تمہاری روٹی چھین لی گئی یا نہیں؟ جبکہ آج پنجاب رو رو کر نہ صرف نواز شریف کو یاد کرتا ہے بلکہ وارث شاہ کو یاد کرتا ہے۔
انہوں نے جلسے میں شریک بی این پی کے کارکنوں کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
‘کراچی، نواز شریف کو یاد کرتا ہے’
ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور خیبرپختونخوا نواز شریف کو یاد کررہا ہے جہاں امن تباہ ہو رہا ہے، دہشت گردی دوبارہ جنم لے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقصادی راہداری (سی پیک) کا منصوبہ بند ہوگیا، سرمایہ کاری بند ہوگئی، تو بی این پی والو! بتاؤ بلوچستان بھی نواز شریف کو یاد کررہا ہے؟
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جلسے کے شرکا سے سوال کیا کہ ‘پاپا جوہن پیزا کس کا ہے؟ سی پیک کس کے حوالے ہے’۔
‘نکے کا نام عمران خان، نکے کے بڑے بھائی کا نام جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ ہے’
انہوں نے کہا کہ ‘نکے کا نام عمران خان ہے جبکہ نکے کے بڑے بھائی کا نام جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے پیزا بنا بنا کر اربوں ڈالر کمالیے اور کرپشن پکڑی گئی اور جب چوری پکڑی گئی تو فکس میچ کے ذریعے بڑا بھائی چھوٹے بھائی کو استعفیٰ دینے گیا’۔
مریم نواز نے کہا کہ ‘استعفیٰ دینے کے بعد نیچے نیچے کہتا ہے کہ اگر استعفیٰ قبول کیا تو کرسی پر بیٹھنے کے قابل نہیں چھوڑیں گے’۔
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ‘بہت مجبور ہے، سر اٹھا کر نہیں چل سکتا، اگر ان کی تابع داری نہیں کرے گا تو کیا کرے گا’۔
‘چیئرمین سینیٹ میں کس نے ووٹ چوری کیے تھے’
مریم نواز نے سینیٹ کی نشست کی خرید و فروخت کی متنازع ویڈیو کے بارے میں کہا کہ ‘بڑی چالاکی سے منظر عام پر لائی گئی، ویڈیو میں رقم دینے اور لینے والے تحریک انصاف کے لوگ، ویڈیو بنانے اور سامنے لانے والے بھی خود ہو’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اپوزیشن سینیٹ کے انتخابات میں اوپن بیلٹ کی حمایت اس لیے نہیں کررہی کہ چیئرمین سینیٹ میں کس نے ووٹ چوری کیے تھے.
انہوں نے کہا کہ آج جبکہ تمہارے اپنے لوگ نکل رہے ہیں تو اوپن بیلٹ آیا گیا’۔
مریم نواز نے کہا کہ ‘عمران خان تو جتنا این آر او مانگو، تمہیں این آر او نہیں ملے گا’۔
‘حکومت سے لانگ مارچ میں فیض آباد جا کر بات ہوگی’
ان کا کہنا تھا کہ ‘سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کی 5 نشست ہیں، ہمیں کوئی نشست نہ ملے، کوئی پریشانی نہیں لیکن اس حکومت کے ساتھ مسلم لیگ (ن) بیٹھ کر کوئی بات نہیں کرے گی’.
مریم نواز نے کہا کہ ‘حکومت سے قانون سازی اور نشست پر بات نہیں ہوگی بلکہ اب تم سے لانگ مارچ میں فیض آباد جا کر بات ہوگی’۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے ووٹ کا خیال رکھیں اور اپنے ووٹ چوری نہ ہونے دیں کیونکہ جس پولنگ اسٹیشن پر شیر کا زور ہوتا ہے وہاں پولنگ کو سست کردیتے ہیں۔
‘بیک ڈور رابطوں کی ضرورت ہمیں نہیں، انہیں ہے جو مشکل میں ہیں’
اس سے قبل مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ شاید ڈی جی آئی ایس پی آر کو بیک ڈور رابطوں کا علم نہ ہو، ان فیصلوں پر ہر کسی کو اعتماد میں ہیں لیا جاتا اور بیک ڈور رابطوں کی ضرورت ان کو ہے جو مشکل میں ہیں، ہمیں نہیں ہے۔