تازہ تر ین

یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی درخواست پر چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن لیڈر کے لیے یوسف رضا گیلانی کے نام کا اعلان کردیا۔

اس سلسلے میں سینیٹ سیکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

قبل ازیں رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمٰن نے اپنے امیدوار کے لیے 30 اراکین سینیٹ کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ پیپلزپارٹی کا حق تھا، پی ڈی ایم کا کوئی جنازہ نہیں پڑھا گیا۔

پی پی پی ذرائع نے بتایا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی حمایت میں دستخط کرنے والے اراکین میں سینیٹر ہدایت اللہ، ہلال الرحمٰن، مشتاق احمد اور نوابزادہ ارباب عمر فاروق شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ایوان بالا میں اپوزیشن جماعتوں میں پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد سب سے زیادہ یعنی 21 ہے۔

شیری رحمٰن نے بتایا تھا کہ انہیں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے جماعت اسلامی کے ایک، سابق فاٹا کے 2 اور دلاور خان کے آزاد گروپ کے 4 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

شیری رحمٰن نے یہ بھی بتایا کہ پیپلز پارٹی کے اپوزیشن لیڈر کے لیے 30 اراکین کے دستخط کے ساتھ درخواست جمع کروائی گئی ہے۔

دوسری جانب اس حوالے سے جب سینیٹر یوسف رضا گیلانی سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے خود نہیں معلوم کہ کتنے ارکان نے حمایت کے لیے دستخط کیے ہیں، مجھے شیری رحمٰن نے یہاں بلایا ہے۔

واضح رہے کہ ایوانِ بالا کے نئے اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں اختلافات ابھر کے سامنے آئے تھے۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) سینیٹ سیکریٹریٹ میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے نامزد کرنے کی درخواست جمع کرواچکی تھی۔

اعظم نذیر تارڑ کی نامزدگی کے لیے مسلم لیگ (ن) کے 17 اراکین سینیٹ نے دستخط کیے اس کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 5 سینیٹرز اور نیشنل پارٹی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے 2، 2 اراکین نے حمایت کی یقین دہانی کروائی تھی۔

مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ اپوزیشن لیڈر کے لیے اعظم تارڑ کو نامزد کیا تھا لیکن پیپلز پارٹی نے نہ صرف اسے مسترد کردیا تھا بلکہ اس پر احتجاج بھی کیا تھا کیوں کہ وہ بینظیر بھٹو قتل کیس کے ملزمان پولیس افسران کے وکیل تھے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain