شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے اجلاس کی صدرات کی، اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر،وفاقی وزیر خزانہ، شوکت ترین، مشیر تجارت رزاق داؤد، وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، اسپیشل سیکرٹری رضا بشر تارڑ، ماہرین امور خارجہ،سابق خارجہ سیکرٹریز و سفراء اور دیگر اراکین کونسل کی شرکت کی ہے، دوران اجلاس افغانستان کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال سمیت اہم سفارتی امور پر مشاورت کی گئی ہے اور دوران اجلاس پاکستان میں کورونا وبا کی موجودہ صورتحال، وبا کے معاشی مضمرات اور ان سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ ء خیال ہوا ہے۔
اجلاس میں شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت ہماری موثر حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کی شرح میں بہت کمی آئی ہے، کورونا وبا کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے تمام کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں،
وزیر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں افغان سر زمین کا استعمال ہونا افسوسناک ہے، پاکستان، خطے میں تعمیر و ترقی اور روابط کے فروغ کیلئے قیام امن کو ناگزیر سمجھتا ہے، افغانستان میں اگر صورتحال مزید خراب ہوتی ہے تو پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہو گا۔