اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے تمام اتحادی جماعتوں کے اعتراضات دور کر دیے ہیں،وزیر اعظم سے ملاقات میں اتحادیوں کی لیڈرشپ کے اعتراضات کو تفصیل سے سنا گیا اور ان کو دور کیا گیا ہے، بدھ کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوگا،جس میںانتخابی اصلاحات کے بل پیش کیے جائیں گے، تمام اتحادی حکومت کے پیچھے کھڑے ہیں،عدلیہ پر حملہ کرنا، ججوں پر الزامات لگانا، ویڈیوز بنانا ن لیگ کی تاریخ رہی ہے،چیف جسٹس صاحب کے سوموٹو کا خیرمقدم کرتے ہیں، شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے سوموٹو نوٹس لینے کے بعد پریس کانفرنس کی اور پھر عدالتوں کو سکینڈل بنانے کی کوشش کی،اسلام آباد ہائی کورٹ کو ان دونوں حضرات کو بھی اپنے سوموٹو نوٹس میں بلانا چاہئے۔پیر کو اسلام آباد میں وزیرداخلہ شیخ رشید احمد اور وزیراعظم معاون خصوصی شہبازگل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو طلب کر لیا گیا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں عوامی مسلم لیگ، جی ڈی اے، ایم کیو ایم، ق لیگ اور بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت کی وزیراعظم سے ملاقات ابھی تھوڑی دیر قبل ختم ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اتحادیوں کی لیڈرشپ کے اعتراضات کو تفصیل سے سنا گیا اور ان کو دور کیا گیا ہے۔فواد چوہدری نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تمام اتحادیوں نے پی ٹی آئی اور عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اجلاس میں بدھ کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ان کے مطابق انتخابی اصلاحات کے بل پیش کیے جائیں گے، تمام اتحادی حکومت کے پیچھے کھڑے ہیں۔وزیراعظم نے خود تمام پارٹیوں کی جانب سے کیے گئے سوالات کے جواب دیے، تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔فواد چوہدری نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر نواز شریف کو جیل میں رکھنے کی ہدایت پر مبنی رپورٹ کو الزام قرار دیتے ہوئے کہا کہعدلیہ پر حملہ کرنا، ججوں پر الزامات لگانا، ویڈیوز بنانا ن لیگ کی تاریخ رہی ہے،کتنا مضحکہ خیز شگوفہ ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان میرے پاس آئے، ہم چائے پی رہے تھے، اچانک چیف جسٹس کو خیال آیا انہوں نے فون اٹھایا کہ فلاں جج کو فون کردیں، میڈیا میں ایڈیٹوریل چیک ہونا بہت ضروری ہے، اس طرح کوئی خبر بڑے اخبار میں بغیر ایڈیٹوریل نہیں لگ سکتی، اخبار نے یہ چیک کرنا مناسب نہیں سمجھا کہ جس جج کا نام لے رہے ہیں وہ جج بینچ میں ہی شامل ہی نہیں ہے، بدقسمتی سے کسی جج کا نام لے کر اتنی بڑی ہیڈ لائن لگا کر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا، چیف جسٹس صاحب کے سوموٹو کا خیرمقدم کرتے ہیں،ن لیگ کے شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے سوموٹو نوٹس لینے کے بعد پریس کانفرنس کی اور پھر عدالتوں کو سکینڈل بنانے کی کوشش کی،اسلام آباد ہائی کورٹ کو ان دونوں حضرات کو بھی اپنے سوموٹو نوٹس میں بلانا چاہئے، جب جج صاحبان نے نوٹس لے لیا تھا تو ان کا کام نہیں بنتا کہ وہ اس پر پریس کانفرنس کرتے۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم کیو ایم اور ق لیگ ہمارے ساتھ ہیں، اتحادیوں کے جواب وزیراعظم نے خود دیئے، آج صبح سے ہی وزیراعظم ہاﺅس میں کافی کام ہوا ہے،ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ق ہمارے ساتھ ہیں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ملزم بھی کوئی عام آدمی نہیں ملک کاوزیر اعظم،بیوقوفانہ کہانیاں اور سازشی تھیوریاں گھڑنے کی بجائے یہ بتا دیں نواز شریف نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس جو بعد میں مریم نواز کی ملکیت میں دے دئیے گئے ان کے پیسے کہاں سے آئے؟ ۔ انہوںنے کہاکہ مریم نے کہا میری لندن میں تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں اب اربوں کی جائیداد سامنے آ چکی جواب اس کا دیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے کہا ہے کہ رانا شمیم ساہیوال سے نکل کر گلگت میں جج کیسے، کس حکومت میں لگے؟ جج شمیم نے یہ راز اتنے سالوں تک چھپا کر کیوں رکھا؟۔سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم سے متعلق خبر پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے بیان میں کہاکہ شمیم صاحب ایک کپ چائے نواز شریف اور مریم صاحبہ کے ساتھ بھی پی لیں، چائے پی کر بتائیں کہ لندن اپارٹمنٹس کے پیسے کہاں سے آئے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں کہا کہ عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش، مریم کی اپیل رکوانے کے لیے ویڈیو سے لیکر خواب سنانے کی بجائے رسیدیں دیں۔انہوں نے کہا کہ جج شمیم کو اچانک خواب آنے کی وجہ مریم صفدر کی 17 تاریخ کو لگنے والی اپیل ہے، مریم نواز اپنی اپیل میں ہرصورت تاخیر کروانا چاہتی ہیں۔شہباز گل نے کہا کہ ابھی اور ڈرامے بھی ہوں گے، سب سے پہلے تو جج شمیم پر ایف آئی آر ہونی چاہیے، انہوں نے یہ راز اتنے سالوں تک چھپا کر کیوں رکھا؟انہوں نے کہا کہ واہ میری قوم حسن علی کے ایک کیچ چھوڑنے پر اتنا غصہ،اربوں لوٹنے والوں کو پھولوں کے ہار۔