لاہور کی بینکنگ کورٹ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے چالان پر عدالتی دائرہ اختیار کے حوالے سے فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر بحث کے لیے طلب کرلیا۔ بینکنگ عدالت کے جج سردار طاہر صابر نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے چالان پر عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق سماعت کی۔ امجد پرویز کے ایسوسی ایٹس نے بتایا کہ امجد پرویز لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہیں۔ ایف آئی اے کے پراسکیوٹر نے کہا کہ اعتراضات کے قانونی نوٹس تیار نہیں کیے، جس پر عدالت نے دونوں فریقین کی استدعا منظور کرتے ہوئے فریقین کو تیاری کے لیے 4 جنوری تک مہلت دے دی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ 4 جنوری کو فریقین کے وکلا عدالتی دائرہ اختیار پر دلائل مکمل کریں۔ خیال رہے ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایا تھا اور کہا بنکنگ جرائم کورٹ کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس سننے کا اختیار نہیں، یہ اختیار اسپیشل سنٹرل کورٹ کا ہے۔