تازہ تر ین

ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ کی بہت کمی محسوس ہو رہی ہے، ثقلین مشتاق کا اعتراف

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے اعتراف کیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ کی بہت کمی محسوس ہو رہی ہے، یاسر شاہ کی انجری کا ایشو نہیں بلکہ اصل مسئلہ اس کا آؤٹ آف فارم ہونا ہے۔
لاہور ٹیسٹ کے حوالے سے ورچوئل پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ یاسر شاہ محنت کر رہا ہے، جب ہم سمجھیں گے کہ یاسر اب مکمل فٹ اور بہترین فارم میں ہے تو اس کو بلا لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ کے ڈرا سے ٹیم کا مورال بلند ہے لیکن اب ہم بھی قذافی اسٹیڈیم میں نتیجہ چاہتے ہیں، خالی باتیں اچھی نہیں لگتی، تیسرے ٹیسٹ میں مشکل کرکٹ کھیلنا پڑے گی اور اس کے لیے تیار ہیں۔ تینوں شعبوں میں اچھی پرفارمنس دے کر ہی سیریز جیت سکتے ہیں۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ میں لڑکوں نے مثالی فائٹ کی جس پر فخر ہے، دوسرے ٹیسٹ کا جس طرح اختتام ہوا، وہ تاریخی لمحہ تھا۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ لوگ ناممکن سمجھ رہے تھے، پاکستانی پلیئرز نے اسے ممکن کر دکھایا اور ایشیز سیریز جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کیخلاف ایک ہزار گیندیں کھیلنا بڑی بات ہے۔
پچز پر باتیں ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسا کہنا درست نہیں اور راولپنڈی میں خراب موسم کی وجہ سے کھیل متاثر ہوا، اگر وہاں میچ پورا ہوتا تو کافی جاندار کرکٹ ہو پاتی۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کی وکٹ ٹیسٹ کرکٹ کے معیار کے مطابق تھی اور دوسرے ٹیسٹ میں دونوں ٹیموں کا مکمل ٹیسٹ ہوا، ٹیسٹ کرکٹ کے تمام تقاضے اس وکٹ پر پورے ہوئے اور اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی۔
انہوں نے فواد عالم کے انداز پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فواد عالم کا بیٹنگ اسٹائل رنز کی رکاوٹ میں نہیں ہے، فواد عالم کو پہلی اننگز میں بہت اچھا گیند پڑا جس سے آؤٹ ہوئے، یقین ہے کہ وہ لاہور میں بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہیں گے۔
آسٹریلوی اسپنر نیتھن لائن کے بارے میں سوال پر قومی ہیڈ کوچ کا موقف تھا کہ وہ 100 سے زیادہ ٹیسٹ کھیل چکا اور اس کی باڈی لینگویج زبردست ہے، اس کی پرفارمنس اچھی ہے جبکہ وکٹ زیادہ ملنا یا نہ ملنا کھیل کا حصہ ہے۔
ثقلین مشتاق کے مطابق سب کی سوچ ایک ہو تو وہ ہی ٹیم کہلاتی ہے، اسپورٹ اسٹاف کھلاڑیوں کے یقین کو پختہ کرنے میں مدد کر رہا ہے، خالی تیکنیک ہی سب کچھ نہیں ہوتی بلکہ بہت سی چیزیں پرفارمنس میں مدد کرتی ہیں۔ ہم سب مل کر کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان کو ایک بہترین ٹیم بنانے میں کامیاب ہوں۔
ون ڈے سیریز اور ٹی ٹوئنٹی میچ کے اسکواڈ پر بات کرتے ہوئے ثقلین مشتاق کا موقف تھا کہ شان مسعود سمیت جو بھی منتخب نہیں ہوا، وہ ہمارے پلان کا حصہ ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain