تازہ تر ین

میری ڈکشنری میں انتقام کا لفظ نہیں ہے: شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں نہ کسی کی ہار ہوئی اور نہ ہی یہ کسی کی جیت ہے، یہ پاکستان کے عوام کی فتح ہے، ان کی ڈکشنری میں انتقام کا لفظ نہیں ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا وہ اس کو توڑیں گے، کوشش کریں گے کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔
متحدہ اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عدالتِ عظمیٰ کے اس فیصلے کے نتیجے میں پاکستان کا آئین، پارلیمنٹ کی خود مختاری اور ملک کا مستقبل محفوظ ہوا،عدالتِ عظمیٰ نے اس فیصلے کے ذریعے ماضی کے تمام نظریہ ضرورت کے فیصلوں کو دفن کردیا، اب قیامت تک کوئی بھی نظریہ ضرورت کا سہارا نہیں لے سکے گا، یہ نہ کسی کی ہار ہے اور نہ ہی کسی کی جیت ہے، یہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام اور عدلیہ کی جیت ہے ، عدلیہ نے میرٹ کو سامنے رکھ کر فیصلہ دیا جس پر اس کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کو پاکستان کی تاریخ میں سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا، متحدہ اپوزیشن کے تمام رہنماؤں اور اتحادیوں نے حق اور سچ کی بات کی، اس قانونی جنگ میں ساتھ دینے والوں کے شکر گزار ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر اجتماعی قوت کے ساتھ تحریک عدم اعتماد کا مرحلہ کامیابی کے ساتھ طے کریں گے اور اس کے بعد عدالتی فیصلے کی روشنی میں قائدِ ایوان کا انتخاب کریں گے، ہم سب مل کر مشاورت کے ساتھ اس ملک کی جتنی بھی خدمت کرسکتے ہیں وہ کریں گے۔
انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا وہ صدقِ دل کے ساتھ کہنا چاہتے ہیں کہ ان کی ڈکشنری میں انتقام کا لفظ نہیں ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا وہ اس کو توڑیں گے، اگر پی ٹی آئی والے استعفیٰ دیتے ہیں تو ان کی مرضی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔ وہ متحدہ اپوزیشن اور اپنے قائد میاں نواز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کیلئے نامزد کیا۔
ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جادو ٹونہ تو حرام ہے، اگر کوئی جعلی جادو ٹونہ تھا بھی تو وہ پاکستان چھوڑ کر بھاگ چکا ہے، ہم ریفارمز کریں گے تاکہ پورے ملک کے عوام کو ان کے حقوق مل سکیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain