تازہ تر ین

عوامی جوش و خروش فتح کی نوید، 17 جولائی کو تصدیق کی مہر ثبت ہوگی: مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوامی جوش و خروش ن لیگ کی فتح کی نوید ہے، 17 جولائی کو تصدیق کی مہر ثبت ہوگی، مخالفین کو میدان سے بھگا کر دم لیں گے، لاہور پر بری نظر رکھنے والوں کو مایوس لوٹنا پڑے گا۔
پی پی 168 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سب کو لندن سے نواز شریف کا سلام، ملک اسد کھرکھر شیروں میں آگیا ہے اب شیر بن کر دکھائے گا، شیروں کو شیروں کے ساتھ ہونا چاہیے گیدڑوں کے ساتھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے پر چین کی نیند سوئی، لاہور والو مبارک ہو مشکل وقت گزر گیا، اب ہر آنے والے دنوں میں اچھی خبریں آئیں گی، 17 جولائی کو لاہورمیں چار سیٹوں پر الیکشن ہے، لاہور نواز شریف کا تھا اور رہے گا، لاہور پر بری نظر رکھنے والوں کو مایوس لوٹنا پڑے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے مزید کہا کہ آج ملتان میں میرا آخری جلسہ ہوگا، رات 12 بجے الیکشن کمپین ختم ہوجائے گی، پچھلے 4 سال لاہور یتیم اور لاوارث بھی تھا، نالائق کی مزید حکومت رہتی تو لاہور کو کھنڈر بنا دیتا، اب لاہور ترقی کے ریکارڈ بنانے والوں کے پاس آگیا ہے، شہباز شریف نے دن رات کرکے پنجاب کوسجایا تھا، کسی نے مذاق میں کہا تھا کہ اگر کسی کے دانتوں میں خلا ہو تو شہباز شریف وہاں بھی پُل بنا دے گا، لاہور کی ترقی بند ہوگئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں لاہور کی سڑکیں ایک، ایک ماہ صاف نہیں ہوتی تھیں، حمزہ شہباز نے دوبارہ لاہور کو صاف ستھرا بنا دیا ہے، میں تو فخر سے بھائی حمزہ کی کمپین کر رہی ہوں، یہ آج لاہور آرہا ہے اس سے پوچھنا تمہارا وزیراعلیٰ کہاں ہیں؟ چار سال کٹھ پتلی بزدار بیٹھا رہا کسی ایک جلسے میں اسے دیکھا؟، عثمان بزدار نے کچھ کیا ہوتا تو لاہور منہ دکھانے آتا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان خود سب سے بڑا کٹھ پتلی تھا، عمران خان نے عثمان بزدار کو کٹھ پتلی رکھا ہوا تھا، آج تو عمران بزدار کے لیے ووٹ نہیں مانگ رہا، آج عمران اس کے لیے ووٹ مانگے گا جس کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتا تھا، یاد رکھنا شیر اور بلے کی جنگ نہیں ہے، یاد رکھنا یہ لاہور، پنجاب کی ترقی کی جنگ ہے، ہم یہ جنگ چھین کرلیں گے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ شہباز شریف نے میٹرو بس بنائی تو اسے جنگلہ بس کہتا تھا، تھوک کر چاٹ کر وہی جنگلہ بس پشاور میں بنائی، عمران خان چار سال مہنگائی کے پہاڑ توڑتا رہا تمہارا قیمتیں کم کرنے سے کیا تعلق؟ نواز شریف نے مجھے آج کہا اگر اسی طرح تیل کی قیمتیں کم ہوتی رہیں تو دو ہفتے بعد مزید کم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور والو وعدہ کرو 17 جولائی کو گھروں سے باہر نکلنا ہے، شیر پر مہر لگانی ہے، شیر پر مہر لگاؤ آپ کی زندگیوں میں بہاریں واپس لائیں گے، پی پی 168 کا جذبہ بتارہا ہے 17 جولائی کو شیر دھاڑے گا، جنگ سمجھ کر 17 جولائی کو باہر نکلنا ہے، ملک اسد کھرکھو کو جتوانا ہے، نواز شریف اور ہم مرتے دم تک لاہور سے وفا نبھائیں گے، ہسدے رہو آباد رہو لاہوریوں، ملتان جلسے میں بڑی ضروری باتیں کروںگی تقریر ضرور سننا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain