اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی۔
پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے اور قومی اسمبلی کے سپیکرراجہ پرویز اشرف کی جانب سے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کو غیرقانونی اور غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے عوام سے تازہ مینڈیٹ لینے کے لئے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا، پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفی دے چکے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اسمبلی فلور پر پی ٹی آئی کے 125 ارکان کے استعفے منظورکرنے کا اعلان کیا تھا، سپیکر راجا پرویز اشرف کی جانب سے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔