لاہور: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ دفاعی ادارے (آرمی چیف) کے سربراہ کی تقرری کے لیے وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ختم کر کے اسے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی تقرری کی طرز پر رائج کرنا چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی سیاست اسٹیبلشمنٹ کی مرہون منت ہے، حکمراں جماعتیں دفاعی اداروں کو سیاست کے لیے استعمال نہ کریں اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی چاہیے کہ وہ سیاست سے دو رہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے الیکشن کمیشن اور عدلیہ مکمل طور پر غیر جانبدار ہوں، تمام ادارے اپنی حدور میں رہیں گے تو ملک آگے بڑھے گا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری کے لیے دونوں کی دلچسپی یہی ظاہر کرتی ہے، دفاعی ادارے کے سربراہ کی تقرری کے لیے وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ختم ہونا چاہیے، یہ تقرری چیف جسٹس سپریم کورٹ کی طرز پر ہونی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف جماعت اسلامی ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرے گی، امید کرتے ہیں کہ عدالت بجلی کے بلوں میں عوام کو ریلیف دے گی، حکومت لائن لاسسز اور چوری کا بوجھ غریبوں پر ڈال کر انھیں لوٹ رہی ہے۔
