لاہور: (ویب ڈیسک) ساف ویمن فٹبال کپ میں پاکستان نے مالدیپ کو ریکارڈ 7 گول سے ہرا دیا۔
کھٹمنڈو میں جاری ایونٹ کے تیسرے اور گروپ میچ میں پاکستان ویمنز نے مالدیپ کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان ٹیم شروع ہی سے چھائی رہی اورنادیہ خان کا کھیل نمایاں رہا جنہوں نے ایک دو نہیں بلکہ چار گول اسکور کیے۔
رامین فرید، خدیجہ کاظمی اور انمول ہیرا نے ایک ایک گول بنایا۔ پاکستان نے 7گول کیے تاہم مالدیپ کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی۔
نادیہ خان کسی انٹرنیشنل میچ میں چار گول کرنے والی پہلی پاکستانی فٹبالر بن گئیں جبکہ گولز کے اعتبار سے بھی یہ پاکستان ویمنز کی سب سے بڑی فتح ہے۔
اب پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی شاندار فتح پر ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم نے کہا کہ ’ہماری لڑکیوں نے آج ہمارا سر فخر سے بلند کردیا ہے، سات صفر کی شاندار فتح ، واہ ۔ پاکستان زندہ باد۔‘