تازہ تر ین

پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے متحدہ عرب امارات کے انسان دوست رویے کا عظیم الشان مظاہرہ , ہم سب سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں، پاکستانی مصیبت زدہ بھائیوں کو پیغام، “We Stand Together” مہم کا انعقاد

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) برادر اسلامی ملک متحدہ عرب امارات کے انسان دوست رویے کا عظیم الشان مظاہرہ، پاکستان میں سیلاب ذدگان کی مدد اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیئے متحدہ عرب امارات کی حکومت، سماجی تنظیموں اور شہریوں نے We Stand Together (ہم سب ساتھ ہیں) مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انسانی ہمدردی کے جذبے سے سرشار سینکڑوں رضا کاروں نے دن رات ایک کر کے ابتدائی مرحلے میں بارہ سو ٹن خوراک، تیس ہزارفوڈ کٹس، صحت اورعام حفظان صحت کی اشیاء جمع کی جو ہنگامی بنیادوں پرپاکستان پہنچائی جائیں گی۔ پاکستان میں سیلاب زدگان کو ہنگامی بنیاد پر امداد فراہم کرنے والے ممالک میں متحدہ عرب امارات سب سےپہلے پہنچا۔ متحدہ عرب امارات نے پاکستانی مصیبت زدہ بھائیوں کی داد رسی کیلئےگذشتہ ماہ سے ہی اپنی امدادی سرگرمیوں کا آغازکر دیا تھا
ہم سب ساتھ ہیں مہم امارات ریڈ کریسنٹ (ERC)، دبئی کیئرز اور شارجہ چیریٹی انٹرنیشنل سمیت دیگر نو سماجی تنظیموں نے متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے کمیونٹی ڈویلپمنٹ (MoCD) اور وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون (MOFAIC) کے اشتراک سے شروع کی۔ ان نو تنظیموں میں خلیفہ بن زید النہیان فاؤنڈیشن، محمد بن راشد المکتوم ہیومینٹیرین اینڈ چیریٹی اسٹیبلشمنٹ، دی بگ ہارٹ فاؤنڈیشن، دارالبیر، انٹرنیشنل ہیومینٹیرین سٹی، یو اے ای واٹر ایڈ فاؤنڈیشن، شارجہ چیریٹی ہاؤس، انٹرنیشنل چیریٹی آرگنائزیشن اور ایمریٹس چیریٹیبل ایسوسی ایشن شامل ہیں۔
رضاکارانہ کمیونٹی تقریب میں ملک کے مختلف مقاماات سے آئے ہوئے ہرعمر اور قومیت کے شہریوں اور رہائشیوں نے شرکت کی جن میں ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر (ADNEC)، ایکسپو سٹی دبئی اور ایکسپو سینٹر شارجہ شامل ہیں۔ رضاکاروں نے امدادی کٹس کی پیکنگ میں جوش و جذبے سےحصہ لیا ۔ رضاکاروں کو مختلف گروپوں میں تقسیم گیا تھا تاکہ دو قسم کی امدادی کٹس بشمول خوراک کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کی کٹس کی پیکنگ میں بھی مدد حاصل کی جاسکے۔ اشیائے خوردونوش میں آٹا، چاول، دال، تیل اور دیگر اشیاء شامل تھیں جبکہ حفظان صحت کی کٹس میں خواتین اور بچوں کے لیے ضروری سامان اجابت و طہارت جیسے ڈائپر، سینیٹری نیپکن اور صابن وغیرہ شامل تھے۔
امارات ریڈ کریسینٹ کے سیکرٹری جنرل حمود عبداللہ الجنیبی نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیئے منعقدہ مہم “ہم سب ساتھ ہیں” کو کامیاب بنانے میں پرجوش حصہ لینے والے تمام رضاکاروں کی تعریف کی۔ حمود عبداللہ الجنیبی نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب ذدگان کی امداد میں متحدہ عرب امارات قائدانہ کردارادا کررہا ہے اور اس میں بارہ سماجی تنظیموں کے اتحاد نے بھی اہم کردارادا کیا ہے۔ الجنیبی نے مزید کہا کہ اس طرح کے اتحاد متحدہ عرب امارات کے آفات اور بحرانوں کی وجہ سے متاثرین کی تکالیف کو کم کرنے سے متعلق ایک اہم پیش رفت ہے۔
دبئی کیئرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور وائس چیئرمین ڈاکٹر طارق الگرگ نے کہا کہ “بحران میں گھرے مماللک کی مدد کرنے میں متحدہ عرب امارات کی ایک طویل تاریخ ہے ملک گیر رضاکارانہ مہم “وی اسٹینڈ ٹوگیدر” کی شاندار کامیابی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان میں سیلاب ذدگان کی مدد کے لیے ہر عمر اور قومیت کے سینکڑوں رضاکاروں کا اکٹھا ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں سخاوت اور ہمدردی کی ثقافت گہری جڑیں رکھتی ہے جسے متحدہ عرب امارات کی کمیونٹی فخر کے ساتھ پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مہم میں شامل رضاکاروں سے اظہاار تشکر کیا۔
شارجہ چیریٹی انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبداللہ سلطان بن خادم نے کہا: “وی اسٹینڈ ٹوگیدر” مہم کی کامیابی اور اس کے اہداف کے حصول کے لیے اللہ کے شکرگذار ہیں۔ یہ امدادی کٹس تیار کرکے ایک ایئر برج کے ذریعے دوست ملک پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے بھیجی جائیں گی۔
مہم میں شامل نوجوان رضاکاروں نے سیلااب متاثرین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں انہیں بچانے کے لیے ہیں، پاکستان میں سیلاب متاثرین کی وی اسٹینڈ ٹوگیدر مہم کے ذریعے مدد کرنا چاہتے تھے۔ مہم میں شریک طلباء نے کہا کہ پاکستان میں انکے بہت سے دوستوں کے رشتہ دار متاثر ہوئے ہیں۔ ہمیں درحقیقت پاکستان کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہم ایک عالمی خاندان ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain