تازہ تر ین

11 حلقوں میں ضمنی الیکشن، نتائج آنے کا سلسلہ جاری، پی ٹی آئی کو برتری

لاہور، پشاور، کراچی: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی الیکشن پر پولنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے، جبکہ نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔
یاد رہے کہ اپریل میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین نے مشترکہ طور پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسمبلی سے بڑے پیمانے پر مستعفی ہونے کے فیصلے کا اعلان پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے 11 اپریل کو وزیر اعظم شہباز شریف کے انتخاب سے چند منٹ قبل اسمبلی کے فلور پر کیا تھا۔
خیال رہے کہ 29 جولائی کو قومی اسمبلی کے سپیکر راجا پرویز اشرف نے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 11 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔
سپیکر کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کے جن اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ہیں، ان میں این اے-22 مردان 3 سے علی محمد خان، این اے-24 چارسدہ 2 سے فضل محمد خان، این اے-31 پشاور 5 سے شوکت علی، این اے-45 کرم ون سے فخرزمان خان شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے دیگر اراکین میں این اے-108 فیصل آباد 8 سے فرخ حبیب، این اے-118 ننکانہ صاحب 2 سے اعجاز احمد شاہ، این اے-237 ملیر 2 سے جمیل احمد خان، این اے-239 کورنگی کراچی ون سے محمد اکرم چیمہ، این اے-246 کراچی جنوبی ون سے عبدالشکور شاد بھی شامل تھے۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار کے استعفے بھی منظور کیے گئے تھے۔
تاہم پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے بعد ازاں عدالت سے رجوع کر کے بیان دیا تھا استعفیٰ دینے کا فیصلہ خالص سیاسی تھا، جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کے حق میں فیصلہ دیدیا۔
عمران خان بمقابلہ پی ڈی ایم امیدواران
آج 16 اکتوبر کو قومی اسمبلی کے جن 8 حلقوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ان میں سے این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 157 ملتان، این اے 237 ملیر کراچی اور این اے 239 کورنگی کراچی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے جن 3 حلقوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ان میں پی پی 241 بہاولنگر، پی پی 209 خانیوال اور پی پی 139 شیخوپورہ شامل ہیں۔
ملکی سیاسی تاریخ میں منفرد مثال ہے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان 8 میں سے 7 نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔ جبکہ آٹھویں نشست پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی پی ٹی آئی کی امیدوار ہیں۔جن کا مقابلہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی سے ہے۔
خیبرپختونخوا کے حلقے این اے 22 مردان میں جمیعت علما اسلام کی جانب سے مولانا قاسم جبکہ چارسدہ حلقہ این اے 24 سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل خان ولی کو ٹکٹ دیا گیا ہے، ان دونوں امیدواروں کی حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں نے حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ پی ڈی ایم امیدواروں کا مقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ہورہا ہے۔
پنجاب کی 3 نشستوں این اے 108 فیصل آباد، ننکانہ صاحب این اے 118 سے مسلم لیگ ن نے بالترتیب عابد شیر علی اور ڈاکٹر شذرہ منصب علی کو ٹکٹ دیا گیا، ان دونوں حلقوں پر بھی لیگی امیدواروں کے مدمقابل سابق وزیراعظم عمران خان ہیں۔
پنجاب میں ایک ہزار 434، خیبرپختونخوا میں 979 اور کراچی میں 340 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے ختم ہوا۔ ضمنی انتخابات میں خواتین کی دلچسپی ظاہر ہوگئی، ان کی جانب سے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جارہا ہے، خواتین کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ 11 حلقوں میں 20 لاکھ 27 ہزار 733 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، خواتین کی پولنگ کے عمل میں خصوصی دلچسپی خوش آئند ہے، خواتین کی بڑی تعداد آج اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچی ہے، الیکشن کمیشن صنفی امتیاز کو ختم کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ 11 حلقوں میں خواتین کے لیے 713 پولنگ اسٹیشنز، ساڑھے 4 ہزار پولنگ بوتھ قائم ہیں، خواتین کے حق رائے دہی کے استعمال میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کر چکا ہے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج:
این اے 22مردان:
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان 4137 ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا محمد قاسم 3896 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 24 چارسدہ:
غیر حتمی اور غیر سرکاری نئاتج کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حمایت یافتہ اور اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان 13240 ووٹ لیکر پیچھے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان 15307 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر ہیں۔
این اے 31 پشاور:
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان 18837 ووٹ لیکر آگے جبکہ اے این پی کے غلام بلور 9941 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 108 فیصل آباد:
غیر حتمی اور غیر سرکاری نئاتج کے مطابق پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان 8828 ووٹ لیکر آگے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار عابد شیر علی نے 6930 ووٹ حاصل کیے ۔
این اے 118 ننکانہ صاحب:
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان 4641 ووٹ لیکر آگے جبکہ ڈاکٹر شذرہ منصب علی کھرل 3725 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 157 ملتان :
23 پولنگ سٹیشن پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار علی موسیٰ گیلانی 3926 ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار مہر بانو قریشی 3692 لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 237 ملیر کراچی:
6 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے عبد الحیکم بلوچ 1057 اگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان 1007 پیچھے ہیں۔
این اے 239 کورنگی کراچی:
14 پولنگ سٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران خان 1640 ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سیّد نیئر رضا 710 ووٹ لیکر پیچھے ہیں۔
پی پی 139 شیخوپورہ:
5 پولنگ سٹیشن پر مسلم لیگ ن کے چودھری افتخار بھنگو 2920 ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے ابو بکر شرقپوری 2906 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
پی پی 209 خانیوال :
3 پولنگ سٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے فیصل خان نیازی 2955 ووٹ لیکر آگے جبکہ مسلم لیگ ن کے چودھری ضیاء الرحمان 2292 ووٹ لیکر پیچھے ہیں۔
پی پی 241 بہاولنگر:
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق 16 پولنگ سٹیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ملک مظفر خان اعوان 4612 ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے امان اللہ ستار باجوہ 3934 ووٹ لیکر پیچھے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain