لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمارے نامزد نام شامل نہیں ہیں تو ایف آئی آر قبول نہیں ہے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر وزیرآباد میں کی جانے والی فائرنگ کا مقدمہ درج کیے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنا مؤقف دے چکی ہے۔
فواد چودھری نے واضح طور پر کہا کہ ہمارے لیے ایسی ایف آئی آر کاغذ کا بے وقعت ٹکڑا ہو گی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج کر لیا گیا ہے، درج مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات لگائی گئی ہیں جب کہ گرفتار ملزم نوید کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب کو 24 گھنٹے میں سابق وزیراعظم عمران خان پر کیے جانے والے حملے کی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایف آئی آردرج نہ ہوئی تو از خود نوٹس لیں گے۔






































