تازہ تر ین

رشوت کیس : پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضانے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے موجودہ صدر پرویز الہٰی اور دیگر کیخلاف اربوں روپے کی کرپشن کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
پرویزالہیٰ کے وکیل ایڈووکیٹ امجد پرویز نے مؤقف پیش کیا کہ سادہ سا معاملہ ہے، پرویز الہٰی پر 12 کروڑ روپے رشوت لینے کا الزام ہے، اور جسے مرکزی ملزم قرار دیا اس کیخلاف مقدمہ خارج کر دیا گیا۔
وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کے مطابق 2 ارب 90 کروڑ کی ادائیگی کی گئی، مونس الہٰی، محمد خان بھٹی پر ساڑھے 12 کروڑ رشوت لینے کا الزام لگایا گیا، اور بتایا گیا کہ ساڑھے 6 کروڑ پرویز الہٰی نے، پانچ کروڑ مونس الہٰی نے وصول کئے، اور محمد خان نے بھی رقم وصول کی۔
پرویزالہیٰ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ ایف آئی اے نے مقدمہ میں درج کیا، ایف آئی نے بغیر نوٹس تحقیقات شروع کیں، جس کی منظوری کابینہ نے دی، سابق وزیراعلیٰ پر ایسا الزام غیر قانونی ہے، ایف آئی آر کے مطابق جہاں رقم کی ادائیگی ہوئی وہاں پرویز الہٰی موجود نہیں تھے بلکہ محمد خان بھٹی اور زبیر نامی شخص موجود تھے، اور عدالت مرکزی ملزم محمد خان بھٹی کو ڈسچارج کرچکی ہے۔
وکیل امجد پرویز نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے بھی پرویز الہٰی کیخلاف درج مقدمہ خارج کر دیا تھا، مخالفین پر مقدمات کی لوٹ سیل لگی ہوئی ہے، ایک مقدمہ میں ضمانت کرواتے ہیں دوسرا درج کر دیا جاتا ہے، ان مقدمات میں سزا ہوتی ہے جن میں مجسٹریٹ گواہی دے کہ اس نے گفتگو سنی اور لین دین دیکھا۔
وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی دو مرتبہ وزیر اعلیٰ رہے، اب تک کوئی ایسا کیس نہیں جس میں قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہو، ماضی کو دیکھتے ہوئے دلائل پر فیصلہ کیا جائے۔
ایف آئی اے وکیل کا مؤقف
عدالت میں وکیل ایف آئی اے میاں وسیم سرور نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ ملزم کا تحقیقات میں شامل ہونا ضروری ہوتا ہے، ابھی تک یہ تحقیقات میں پیش نہیں ہوئے، اس کیس کے حوالے سے ناقابل تردید ثبوت ہیں، سرکاری وکیل نے عدالت سے دلائل کیلئے مہلت بھی مانگ لی ۔
عدالت نے پرویزالہیٰ کی عبوری ضمانت میں کل تک توسیع کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ درخواست ضمانت پر فیصلہ کل سنایا جائے گا، عدالت نے پراسیکیوشن سے کل حتمی دلائل بھی طلب کرلئے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر کسی کوحکم عدولی کی جرات نہیں ہوگی: پرویز الہٰی کا بیان
چودھری پرویز الہٰی نے اینٹی کرپشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سپریم کورٹ میں اہم کیس کی سماعت ہے، عدالت عظمیٰ کا جو بھی فیصلہ آئے گا اس کی حکم عدولی کی کسی کو جرات نہیں ہو گی۔
ان کاکہنا تھا کہ شریف خاندان کی ہسٹری ہے کہ انہوں نے کوئی عقل کا کام نہیں کیا، ہمارے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے، یہ عوام کا بھلا نہیں کرسکتے، ہم اقتدار میں رہے کسی کے خلاف کیس نہیں بنایا، میں نے رانا ثنااللہ کو صرف آموں کا تحفہ دیا تھا، یہ جب بھی آتے ہیں ہر شخص کی توہین کرتے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پہلے فیصلے ہوں گے پھر انتخابات ہوں گے، ہر ایک آدمی کی اپنی چوائس ہے، کئی لوگ اپنے خواہشات پوری نہ ہونے پر لوگوں پر غصہ نکالتے ہیں، عوام کے اندر پذیرائی عمران خان اور پی ٹی آئی کی ہے، مونس کی عقل مندی کام آئی، ہم نے صحیح وقت پر صحیح اور مشکل فیصلہ کیا، ہم نے جو صحیح فیصلہ کیا ،اب کیسز بھگت رہے ہیں۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے کہوں گا ،رابطے ہوں بھی تو پتہ نہیں ہونا چاہیے، سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان صاحب نے خود خان صاحب سے پوچھ کر اپلائی کیا ہے کہ اسمبلی کو بحال کیا جائے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain