دبئی:(ویب ڈیسک) امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ ایران نے خلیجی پانیوں میں ایک ہفتے میں دوسرا آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا ہے۔ یہ 2019 سے خلیجی پانیوں میں تجارتی جہازوں پر قبضے یا حملوں کے سلسلے میں تازہ ترین اضافہ ہے۔ خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق بحرین میں قائم امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے نے کہا کہ پاناما کے جھنڈے والے آئل ٹینکر نیووی کو ایران کے پاسداران انقلاب نے بدھ کی صبح 6:20 بجے تنگ آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے پکڑا۔ اس ٹینکر کو اس وقت پکڑا گیا جب یہ دبئی کی بندرگاہ سے امارات میں ہی فجیرہ کی پورٹ کی طرف جا رہا تھا۔ ایرانی عدلیہ کی میزان نیوز ایجنسی کے مطابق تہران کے پراسیکیوٹر نے اعلان کیا کہ ایک شکایت کے بعد عدالتی حکم پر آئل ٹینکر کو قبضے میں لیا گیا ہے، اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ یہ واقعہ جمعرات کو خلیج عمان میں مارشل آئی لینڈ کے جھنڈے والے آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے کے بعد ہوا ہے جسے ایڈوانٹیج سویٹ کہا جاتا ہے۔ مارشل آئی لینڈ کی فلیگ رجسٹری نے منگل کو بتایا کہ بندر عباس میں اس ٹینکر کو ایرانی حکام نے روک رکھا ہے۔ میری ٹائم سیکیورٹی فرم ایمبرے نے کہا ہے کہ اس کا خیال ہے کہ ایران کی طرف سے ایڈوانٹیج سویٹ کا قبضہ مارشل آئی لینڈ کے ٹینکر سویز راجن پر سوار تیل کے کارگو کو امریکہ کے ایک عدالتی حکم کے بعد قبضے میں لینے کے جواب میں تھا۔