کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان نے چوتھے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں مہمان ٹیم کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم شاندار سنچری بنا کر 107 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے ،آغا سلمان کی جانب سے 58 ، فخر زمان 14، شان مسعود 44، محمد رضوان 24، افتخار احمد 28 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 7 گیندوں پر 23 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3، ایش سودھی اور بین لسٹر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں، امام الحق ، شاداب خان ، عبداللہ شفیق ، نسیم شاہ اور محمد نواز کی جگہ شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، اسامہ میر اور حارث رؤف پلیئنگ الیون کا حصہ بن گئے ہیں۔ واضح رہے کہ گرین شرٹس کو 5 میچز کی سیریز میں 3 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے 2 میچز اور کراچی میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں بابر الیون نے کیویز کو شکست دے کر 12 سال بعد مہمان ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی سمیٹی ہے اور اب گرین شرٹس کی نظریں وائٹ واش پر ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ون ڈے رینکنگ میں پہلی بار نمبر 1 پوزیشن حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق اگر پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ یعنی سیریز کے بقیہ میچز جیت کر سیریز میں 5-0 سے کامیابی حاصل کرتی ہے تو وہ پہلی بار آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہوجائے گی۔ خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے اتوار کو کھیلا جائے گا۔
چوتھا ون ڈے : پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے شکست دے دی

