تازہ تر ین

حضرت امام حسینؓ کی شہادت کا غم، ملک میں 9 محرم کے جلوس، عزاداروں کا ماتم

لاہور، کراچی: (خبریں ڈیجیٹل) کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں 9 محرم الحرام آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

آج نویں محرم کے روز لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں مجالس اور شبیہ علم و ،ذوالجناح کے جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں، جلوس کے دوران عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کرینگے، جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ا ثنا عشری جی 6 سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اسی جگہ اختتام پذیر ہوگا۔

پولیس کے مطابق مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 1685 اہلکار و افسران تعینات کئے گئے جن میں 5 ڈی پی اوز، 14 ڈی ایس پیز اور 21 انسپکٹر بھی فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ جلوس کی سکیورٹی کیلئے رینجرز اور ایف سی بھی تعینات ہے۔

کراچی

کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر 1 بجے برآمد ہوا، مرکزی مجلس نشترک پارک میں منعقد ہوئی، جس سے علامہ شہنشاہ نقوی نے خطاب کیا، مجلس کے بعد نشتر پارک سے جلوس روانہ ہوا۔

جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔

لاہور
لاہور میں نویں محرم کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ سے برآمد ہوگیا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہوگا۔

پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے آغاز کے بعد یہ جلوس سراج بلڈنگ پر مختصر پڑاؤ اور نماز ظہرین ادا کرے گا، پھر اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک ، سول سیکرٹریٹ سے ہوتا ہوا پرانی انارکلی پہنچے گا جہاں نماز مغربین ادا کی جائے گی۔

اس کے بعد یہ مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پراختتام پذیر ہوگا جہاں مجلس عزا ہوگی جس کے بعد شرکاء واپس اسی روٹ سے پانڈو سٹریٹ پہنچیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پی پنجاب کے ہمراہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جلوس کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔

پشاور

دوسری جانب پشاور میں بھی نویں محرم کی مناسبت سے مرکزی جلوس برآمد ہوگئے، پہلا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا، جبکہ دوسرا جلوس امام بارگاہ بی بی صاحبہ تحصیل سے نکالا گیا ہے، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے واپس اسی مقام پر اختتام پذیر ہونگے۔

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں اور مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر اسنائپرز بھی تعینات کئے گئے اور جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند ہوگی اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain