تازہ تر ین

توشہ خانہ کیس میں نوازشریف کے وارنٹ معطل، ضمانت منظور

سابق وزیراعظم نوازشریف کو توشہ خانہ ریفرنس میں ضمانت مل گئی ہے، اور ان کے وارنٹ معطل کردیئے گئے ہیں۔ عدالت نے انہیں 10 لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا، اور کیس کی سماعت 20 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف توشہ خانہ کیس میں پیشی کے لئے احتساب عدالت پہنچے اور خود کو احتساب عدالت کے سامنے سرینڈر کردیا۔ توشہ خانہ کیس میں نوازشریف کے ضمانتی طورپر طارق فضل چوہدری کو مقرر کیا گیا تھا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نوازشریف کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی، جج نے نوازشریف کو حاضری کے لیے روسٹرم پر بلایا، اور حکم دیا کہ نواز شریف سے ابھی دستخط کرالیں۔

نواز شریف نے احتساب عدالت کے سامنے سرینڈر کردیا، جس پر جج محمد بشیر نے وکلاء کو اشارہ کیا کہ نوازشریف کو لے جائیں۔

عدالت نے نواز شریف کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا اور حاضری کے بعد واپس جانے کی اجازت دے دی۔ کچھ دیر بعد نوازشریف کے ضمانتی طارق فضل چوہدری نے عدالتی حکم پر 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے۔

نوازشریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پلیڈر کی درخواست دائر کی ہے۔

جج نے استفسار کیا کہ کیا اس پر آج ہی سماعت کرنی ہے۔ وکیل نے جواب دیا کہ جی آج ہی سماعت کی استدعا ہے۔

جج نے وکیل سے استفسار کیا پلیڈر کون ہے؟۔ جس پر وکیل نے بتایا کہ وکیل رانا محمد عرفان پلیڈر ہیں جوعدالت میں موجود ہیں، آپ حکم کریں گے نوازشریف کمرہ عدالت میں پیش ہوجائیں گے۔

عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کیس کی سماعت 20 نومبر تک ملتوی کردی اور ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر نقول تقسیم کی جائیں گی۔

عدالت نے نوازشریف کی جائیداد ضبطگی کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 نومبر کو جائیداد ضبطگی کی درخواست پر دلائل طلب کرلئے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain