دنیا بھر میں خوراک کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ متعدد خطے خوراک کی شدید قلت کے باعث صحتِ عامہ سے متعلق مسائل سے بھی دوچار ہیں۔ گلوبل فوڈ پالیسی رپورٹ برائے 2024 میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا اور افریقا میں کم و بیش 2 ارب افراد خوراک کی شدید قلت کے باعث اذیت ناک زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویسے تو خوراک کی قلت کئی خطوں میں ہے تاہم جنوبی ایشیا، جنوب مشرقی ایشیا، افریقا میں اِن خطوں سے جُڑے ہوئے چند علاقوں میں معاملات زیادہ سنگین ہیں۔ پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، افغانستان، سری لنکا، شمالی افریقا کے بیشتر ممالک، میانمار، فلپائن اور دیگر ممالک میں عام آدمی غذا اور غذائیت دونوں کی قلت کا شکار ہے۔





































