پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ٹی20 ایمرجنگ ٹیمز ایشیاکپ میں کل اپنا پہلا میچ بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
آج شروع ہونے والا ٹورنامنٹ مقسط، عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلا جارہا ہے۔
پاکستان شاہینز گروپ بی میں بھارت اے، متحدہ عرب امارات اور میزبان عمان کے ساتھ ہے جبکہ گروپ اے میں بنگلادیش اے سری لنکا اے ہانگ کانگ اور افغانستان اے شامل ہیں۔
محمد حارث کی قیادت میں پاکستان شاہینز ٹیم 21 اکتوبر کو میزبان عمان سے مقابلہ کرے گی جبکہ اس کا تیسرا گروپ میچ 23 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا۔
ہر گروپ سے دو دو ٹیمیں 25 اکتوبر کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ فائنل 26 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے میچز ایشین کرکٹ کونسل کے یوٹیوب چینل پر لائیو نشر ہوں گے۔
اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ٹورنامنٹ کا پہلا ایڈیشن ہے جو ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا جارہا ہے جبکہ 2013، 2017، 2018، 2019 اور 2023 میں پچھلے پانچ ایڈیشن ون ڈے فارمیٹ میں کھیلے گئے تھے۔
پاکستان 2019 میں سعود شکیل اور 2023 میں محمد حارث کی قیادت میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکا ہے۔
پاکستان شاہینز اسکواڈ:
محمد حارث (کپتان)، عبدالصمد، احمد دانیال، عرفات منہاس، حیدر علی، معاذ صداقت، محمد عباس آفریدی، محمد عمران جونیئر، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، روحیل نذیر، شاہنواز دھانی، سفیان مقیم، یاسر خان اور زمان خان۔