تازہ تر ین

تھائی لینڈ: ہاتھی کے حملے میں ہسپانوی طالبہ جاں بحق

بنکاک کے نواحی جزیرہ یاؤ یائی میں ہاتھی نے حملہ کرکے نوجوان ہسپانوی طالبہ  کو ہلاک کردیا۔ 

 انٹرنیشنل میڈیامیں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق 22 سالہ بلانکا  گارشیا کا تعلق اسپین کے تاریخی شہر بلدالولید سے ہے جہاں وہ  نوارا یونیورسٹی میں قانون اور بین الاقوامی تعلقات کی طالب علم تھی۔

بلانکا گارشیا تفریحی دورے پر اپنے بوائے فرینڈ کے ہمراہ تھائی لینڈ کے جزیرے یاؤ یائی پہنچی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہاں وہ دوسرے سیاحوں کی طرح اینیمل سینکچری میں ایک ہاتھی کو نہلارہی تھی کہ اچانک ہاتھی نے طیش میں آکر اسے سونڈ سے اٹھاکر پٹخ دیا۔

بے ہوش  طالبہ کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بلانکا کے بوائے فرینڈ سمیت آس پاس ڈیڑھ درجن کے قریب سیاح موجود تھے مگر ہاتھی نے انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ سیاح اس تفریحی مقام پر ہاتھیوں کو چُھو سکتے ہیں، ان کے ساتھ تفریح کرسکتے ہیں اور انہیں نہلا بھی سکتے ہیں، ہاتھی بہت پُرامن اور انسان دوست جانور ہے اور اس سے قبل ہاتھیوں کی جانب سے اشتعال انگیزی کا کوئی واقعہ نہیں دیکھا گیا۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد یاؤ یائی میں اینیمل سینکچری عارضی طور پر بند کردی گئی ہے اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ  وہ کسی ہاتھی کے قریب نہ جائیں۔

تھائی حکام کے علاوہ آنجہانی طالبہ کے آبائی شہر کے میئر کی جانب سے بھی اس واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain