این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کی شراکت داری سے تجارتی سامان لے کر پہلا قافلہ کراچی سے وسطی ایشیا کے لیے روانہ ہوگیا۔
نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) اور ڈی پی ورلڈ کی جوائنٹ وینچر کمپنی کے توسط سے متعدد تجارتی سامان پر مشتمل کنٹینرز کا پہلاقافلہ کراچی سے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے روانہ ہوگیا۔ یہ تاریخی سنگ میل لاجسٹکس کے دونوں بڑے اداروں کی باہمی شراکت داری کے نتیجے میں طے ہوا ہے۔
تجارتی قافلے کی روانگی کے موقع پر کراچی میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سولیم نے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے کارگو سروس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی کے سینئر حکام سمیت معروف کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
سلطان احمد بن سولیم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے مابین اشتراک پورے خطے میں رابطوں اور تجارت کو فروغ دینے کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ این ایل سی کی خطے میں موجودہ حیثیت اور ڈی پی ورلڈ کی عالمی سطح پر موجودگی سے بے پناہ کاروباری مواقع میسر آئیں گے، جس سے اقتصادی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس پیشرفت سے کاروبار میں آسانی پیدا ہوگی اور ترسیل کی لاگت اور وقت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔
تقریب میں ڈی جی این ایل سی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے علاقائی تجارت پر دُور رس اثرات مرتب ہوں گے اور خطے کی کاروباری برادری کو بھرپور فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترسیل کا مربوط نظام اور بلا رُکاوٹ تجارت پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں مد دگار ثابت ہوں گے۔ یہ سروس علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے لیے دونوں اداروں کی ترقی کے عزم کا عملی اظہار ہے۔