بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل میں سہولیات پر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے تین صفحات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں کمپاؤنڈ 7 سیل پر مشتمل ہے، بانی پی ٹی آئی کے سیل کے سامنے 57 فٹ لمبی اور 14 فٹ چوڑی راہدری ہے، بانی پی ٹی آئی کے کمپاؤنڈ سے ملحق 35/37 کا لان ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ کے مطابق عمران خان لان میں بیٹھ کر کتابیں اور اخبارات پڑھتے ہیں اور دھوپ سینکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے 7 سیلز پرمشتمل کمپاؤنڈ میں 30 سے35 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ورزش کے لیے سائیکلنگ مشین اور دیگرجم کا سامان فراہم کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ عمران خان ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد،کافی،دلیہ، لسی،گرم دودھ اور چیا سیڈز لیتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی ناشتے میں مسمی اور انار کا جوس بھی پیتے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کو دوپہر کےکھانے میں دیسی مرغ، مٹن، سلاد، مکس اچار، آلوچپس، انڈہ فرائی اور مکس دال فراہم کی جاتی ہے۔
بانی پی ٹی آئی شام کو بادام،کشمکش،پسا ہوا ناریل، دودھ،کھجور،کیلے اور سیب کا شیک پیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کو صبح سے لےکر شام تک قدرتی روشنی اور تازہ ہوا کی رسائی دی جاتی ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں محفوظ ماحول میں رکھا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کو بہترکلاس مہیا کی گئی ہے۔





































