کویت کے بین الاقوامی ائیرپورٹ پر مبینہ طور پر ڈرون حملوں کے نتیجے میں ریڈار سسٹم اور ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو نقصان پہنچا، جبکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والے ان حملوں کے بعد ائیرپورٹ سے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جس سے صورتحال کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں متعدد ڈرون استعمال کیے گئے جنہوں نے ائیرپورٹ کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق ان حملوں سے پروازوں کے نظام پر بھی اثر پڑا اور ائیرپورٹ آپریشنز میں عارضی خلل پیدا ہوا۔ سیکیورٹی اور ہنگامی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور صورتحال کو کنٹرول میں لے لیا گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ حملے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں کیے گئے ہیں، جہاں حالیہ دنوں میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان تنازع شدت اختیار کر چکا ہے، جس کے اثرات خطے کے دیگر ممالک تک بھی پہنچ رہے ہیں۔






































