کراچی (05 اپریل 2026): شہر قائد میں میٹرک بورڈ آفس کی ویب سائٹ سے ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے طلبہ و طالبات اور اساتذہ پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔
ریگولر امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ بورڈ آفس کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں تاہم نجی اسکولز انتظامیہ کے مطابق ان کے طلبہ کے لیے ایڈمٹ کارڈ پیر کے دن اپ لوڈ کیے جائیں گے۔
میٹرک بورڈ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پورٹل پر لوڈ بہت زیادہ ہے جو بتدریج آج شام تک بہتر ہو جائے گا، پورٹل پر 3 لاکھ 85 ہزار ایڈمٹ کارڈ اپ لوڈ کیے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں میٹرک بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے انتظامات میں مشکلات سامنے آئی ہیں، جس پر گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ نے امتحانات ملتوی کرنے اور نئی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
نجی اسکولوں کی تنظیم نے وزیر یونیورسیٹیز اینڈ بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میٹرک بورڈ کے 7 اپریل سے شروع ہونے والے امتحانات کو ایک ہفتے کے لیے ملتوی اور نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔
تنظیم نے کہا کہ امتحانی مراکز کے فائنل نہ ہونے، سامان کی ترسیل کا نامکمل ہونا، مراکز کی لاعلمی اور دیگر انتظامات کے مکمل نہ ہونے اور ہزاروں اسکولوں کے لاکھوں طلبہ و طالبات کے ایڈمٹ کارڈز کے عدم اجرا سے پیدا ہونے والی مشکلات کی وجہ سے ایک دن باقی رہ جانے سے امتحانات کا بر وقت انعقاد ممکن نہیں ہے۔





































