نئی دہلی :آسام کے جورہاٹ ایئرفورس اسٹیشن پر بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کا ایک اے این بتیس ٹرانسپورٹ طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ ایئربیس پر اترنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک حادثہ پیش آ گیا۔ واقعے کے بعد ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیموں کو فوری طور پر موقع پر روانہ کر دیا گیا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔بھارتی فضائیہ کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب اے این بتیس طیارہ جورہاٹ ایئرفیلڈ پر لینڈنگ کر رہا تھا۔ لینڈنگ کے دوران پیش آنے والی تکنیکی یا دیگر ممکنہ وجوہات کے بارے میں فی الحال کوئی سرکاری تفصیل جاری نہیں کی گئی، تاہم فضائیہ نے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔
اے این بتیس بھارتی فضائیہ کا ایک اہم ٹرانسپورٹ طیارہ ہے، جو فوجیوں، عسکری سازوسامان اور ضروری رسد کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ طیارہ خاص طور پر دشوار گزار اور بلند پہاڑی علاقوں میں آپریشنز کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے اور برسوں سے بھارتی فضائیہ کے بیڑے کا اہم حصہ رہا ہے۔ابتدائی رپورٹس میں طیارے کے پائلٹ کے جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم بھارتی فضائیہ نے تاحال کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مکمل معلومات موصول ہونے کے بعد ہی کوئی حتمی بیان جاری کیا جائے گا۔

