ایشین گیمز 2026 کے ویمنز کرکٹ ایونٹ میں دفاعی چیمپئن بھارت نے جاپان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔
بھارت نے کوارٹر فائنل میں جاپان کو پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 57 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔ بھارت کی جانب سے شری چرنانی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
58 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ہدف صرف 5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ شفالی ورما نے تیز رفتار 40 رنز بنائے جبکہ رچا گھوش نے بھی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب بنگلہ دیش پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکا تھا۔ اس کا چین کے خلاف کوارٹر فائنل مسلسل بارش اور گراؤنڈ گیلا ہونے کے باعث منسوخ ہوگیا تھا، جس کے بعد بہتر آئی سی سی ٹی20 رینکنگ کی بنیاد پر بنگلہ دیش کو سیمی فائنل میں جگہ دی گئی۔
بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سیمی فائنل 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ویمنز کرکٹ کا فائنل اور کانسی کے تمغے کا میچ 22 ستمبر کو شیڈول ہے۔
بھارت نے 2023 کے ہانگژو ایشین گیمز میں ویمنز کرکٹ کا سونے کا تمغہ جیتا تھا اور اب وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں ہے۔

