اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مختلف پٹرول پمپس کے دورے کیے اور پی ایم پٹرول ریلیف سکی کے حوالے سے شہریوں کے تاثرات سنے۔ وفاقی وزیر نے مسلسل تیسرے روز پٹرول پمپس پر موجود شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی اور سکیم کے حوالے سے ان کے تاثرات اور مسائل سنے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر عوام کی سہولت کے لیے رجسٹریشن کا میسج بالکل مفت کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ رجسٹریشن کا عمل بتائے گئے باقاعدہ طریقہ کار کے مطابق ہی مکمل کریں تاکہ کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں وزیراعظم پٹرول سکیم کامیابی سے عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، یہ ٹارگٹڈ سبسڈی خاص طور پر مستحق اور کم آمدن طبقے کو سہولت دینے کے لیے وضع کی گئی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو رعایتی پٹرول کی بلاتعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ شزہ فاطمہ خواجہ نے واضح کیا کہ رعایتی پٹرول کی فراہمی میں ٹال مٹول، رکاوٹ یا بدعنوانی کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔ سستا پٹرول ملنے پر شہریوں نے ریلیف سکیم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور موقع پر موجود وفاقی وزیر کے اقدامات کو سراہا۔
