وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد کسی کو وفاقی دارالحکومت کی طرف مارچ کرنے یا اسے بند کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ اگر کوئی اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسلام آباد آنے کی کوشش کرتا ہے تو پہلے توہین عدالت کی کارروائی کے لیے رجوع کیا جائے گا اور پھر قانون کے مطابق انہیں روکا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے، تاہم شہریوں کے راستے بند کرنے اور وفاقی دارالحکومت کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے سیاسی قیادت سے کہا کہ احتجاج کرنا ہے تو اپنے علاقے یا شہر میں کیا جائے۔

