اسلام آباد(این این آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی اور جملہ حریت قیادت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کو موثر انداز میں اجاگر کیا۔ اسلام آباد سے جاری مشترکہ بیان میں حریت قیادت نے کہا کہ وزیراعظم محمدشہباز شریف نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ کشمیری عوام آٹھ دہائیوں سے اقوام متحدہ کی جانب سے آزاد اور غیر جانب دار استصوابِ رائے کے اپنے وعدے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں غیر قانونی قبضے، من مانے حراستی اقدامات، ماورائے عدالت ہلاکتوں، جبری گمشدگیوں، جنسی تشدد اور اجتماعی سزا سمیت کشمیری عوام کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا۔
