کراچی (این این آئی) صوبائی وزیر لائیو سٹاک محمد علی ملکانی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں جانوروں میں لمپی سکن بیماری کے پھیلاؤ کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ میں ہائی الرٹ جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔ صوبائی وزیر کی ہدایت پر محکمہ لائیو سٹاک سندھ نے حفاظتی اقدامات تیز کرتے ہوئے پنجاب سے سندھ آنے والے جانوروں کی سکریننگ، ویکسینیشن اور قرنطینہ لازمی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ محمد علی ملکانی نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں لمپی سکن کا پھیلاؤ تشویشناک ہے، سندھ کے لائیو سٹاک شعبے کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی غفلت کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ کے سرحدی اضلاع میں داخل ہونے والے ہر جانور کی سکریننگ اور ویکسینیشن ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ متاثرہ جانوروں کو صوبے میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ لائیواسٹاک صورتحال کی چوبیس گھنٹے نگرانی کرے اور مویشی پال افراد کو ضروری معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے ڈی جی لائیواسٹاک ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو کو فیلڈ افسران کو الرٹ رکھنے اور حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ڈی جی لائیواسٹاک کی ہدایت پر سندھ کے داخلی راستوں پر نگرانی اور قرنطینہ کے انتظامات بھی کیے جارہے ہیں، جبکہ کموشہید، گھوٹکی اور گڈو میں فوری طور پر کیمپ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ لائیواسٹاک کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرحدی علاقوں میں جانوروں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور بیماری کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام ضروری حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔
٭٭٭٭٭
