لاہور( این این آئی) امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کے ذریعے ایران کو بھی یہ پیغام دیا جا سکتا ہے کہ اگر وہ خطے میں امن و استحکام کے ساتھ رہنا چاہتا ہے تو پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب اس کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کے لیے تیار ہیں،اگر ایران خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے اور مختلف ممالک میں پراکسی گروپس تیار کرنے کی پالیسی جاری رکھتا ہے تو اس کے خلاف مشترکہ طور پر اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان اور ترکیہ کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرنا چاہے گا کیونکہ یہ دونوں ممالک اس کے اہم پڑوسی ہیں اور اس کے لیے جغرافیائی اور اقتصادی اعتبار سے اہمیت رکھتے ہیں۔امریکہ کی جانب سے پابندیوں اور سمندری راستوں کی بندش کی صورت میں ایران کے لیے زمینی سرحدیں زیادہ اہم ہو جاتی ہیں،ایران کی سرحدیں پاکستان، ترکیہ اور افغانستان سے ملتی ہیں اس لیے ایران کا بھی ان ممالک کے ساتھ تنازعہ میں پڑنا مفاد میں نہیں۔حسین حقانی نے کہا کہ مکہ معاہدہ ایک اہم پیشرفت ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آنے کا امکان ہے، تاہم ابھی کئی معاملات طے ہونا باقی ہیں۔یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا معاہدے کے تحت مشترکہ کمانڈ اسٹرکچر قائم کیا جاتا ہے یا نہیں، کسی رکن ملک پر حملے کی صورت میں اتحادیوں سے مدد طلب کرنے کا طریقہ کار کیا ہوگا اور یہ مدد کس انداز میں فراہم کی جائے گی۔سعودی عرب پر حوثی حملوں اور پاکستان کے ممکنہ کردار کے حوالے سے حسین حقانی نے کہا کہ اگر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ پالیسی موجود نہیں تو اسے تشکیل دینا چاہیے کیونکہ حوثی صرف سعودی عرب ہی نہیں بلکہ پورے خلیجی خطے کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حوثیوں کے مسلمان ہونے کی بنیاد پر ان کے لیے نرم گوشہ رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ تاریخ میں ایسے کئی گروہ گزرے ہیں جو مسلمان ہونے کے باوجود فتنہ و فساد کا سبب بنے اور ان کے خلاف کارروائی ضروری سمجھی گئی۔جب حوثی یمن میں خانہ جنگی لڑ رہے تھے تو یہ ان کا اندرونی معاملہ تھا لیکن اب انہوں نے اس تنازعہ کو بین الاقوامی شکل دے دی ہے اور بحیرہ احمر تک اپنی سرگرمیوں اور اثر و رسوخ کو بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
