اتر پردیش کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش نے معمولاتِ زندگی متاثر کردیے، جبکہ گورکھپور میں شدید بارش کے باعث کئی علاقے زیرِ آب آگئے۔ ضلع میں بارش سے متعلق مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
گورکھپور کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دیپک مینا کے مطابق کیمپیر گنج میں ایک جھونپڑی پر درخت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ بانس گاؤں میں بھی درخت گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔
شدید بارش کے باعث گورکھپور کے متعدد علاقوں میں سڑکیں اور رہائشی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ مقامی افراد کے مطابق کئی گھنٹوں تک پانی جمع رہا اور نکاسی آب کا نظام بھی متاثر ہوا، جس سے دکانداروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

