لاہور(کرائم رپورٹر)اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 6 کارروائیوں میں 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 80لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 167.1کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ٹنڈو جام میں حیدرآباد یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے ایک کلوگرام آئس برآمد ہوئی، راولپنڈی کے ایک کورئیر آفس میں نیوزی لینڈ جانے والے پارسل سے ویسٹ کوٹ میں جذب 1.9کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔شاہراہ فیصل کراچی پر واقع کورئیر آفس میں برطانیہ جانے والے پارسل میں جوتوں سے 4.2کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔سرنان، ضلع پشین کے قریب ٹرک میں سیب کی پیٹیوں میں چھپائی گئی 60کلوگرام چرس اور 12کلوگرام آئس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔گرمکان روڈ، ضلع پنجگور کے قریب گاڑی سے 48کلوگرام چرس برآمد کرکے 2ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ دالبندین، ضلع چاغی کے قریب جھاڑیوں سے 40کلوگرام افیون برآمد ہوئی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
