مظفرآباد: آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ بلند پہاڑی چوٹیوں پر ہلکی برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں سردی کی لہر شروع ہوگئی ہے۔
مظفرآباد شہر اور گردونواح، وادی نیلم، وادی لیپہ اور کرناہ میں وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسم مزید سرد ہونے کی توقع ہے۔
موسم کی اس تبدیلی کے باعث آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ شہریوں نے سردی سے بچاؤ کیلئے گرم کپڑوں کا استعمال شروع کردیا ہے۔

