پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے یورپ اور برطانیہ کے لیے اپنے فضائی آپریشن میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ایئرلائن نے 27 اکتوبر سے لندن کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 4 سے بڑھا کر 7 کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نئے شیڈول کے تحت اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتے میں 5 پروازیں جبکہ لاہور سے لندن کے لیے 2 پروازیں چلائی جائیں گی، جس کے بعد پاکستان اور لندن کے درمیان روزانہ براہِ راست فضائی رابطہ قائم ہوجائے گا۔
پی آئی اے کے مطابق پروازوں میں اضافے کا فیصلہ مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب اور قومی ایئرلائن پر اعتماد میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اضافی پروازوں سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سمیت دیگر مسافروں کو سفر کے مزید مواقع میسر آئیں گے

