عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 105 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔ جمعرات کو برینٹ کروڈ تقریباً 5 فیصد اضافے کے ساتھ 105.20 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، جو 29 ستمبر کے بعد بلند ترین سطح ہے۔
رپورٹس کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ مشرق وسطیٰ میں تیل کی سپلائی کے حوالے سے بڑھتے خدشات اور خلیج و آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں میں اضافہ ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی تیل اور ایندھن کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے، جہاں سے جنگ سے قبل دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل اور ایندھن کی سپلائی گزرتی تھی۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت بھی تقریباً 5 فیصد اضافے کے بعد 92.75 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ مارکیٹ میں مشرق وسطیٰ سے سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے ساتھ ساتھ امریکا میں سمندری طوفان کے باعث تیل کی پیداوار متاثر ہونے کے خدشات بھی قیمتوں کو سہارا دے رہے ہیں۔

