ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں موجود ہیں اور مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد اچانک وجود میں آنے والا اتحاد نہیں بلکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ سفارتی، سیاسی، عسکری اور عوامی تعلقات کا تسلسل ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این (CNN) کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے سعودی عرب میں پاکستانی افواج کی موجودگی کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوجی اہلکار کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں تعینات ہیں اور مختلف صلاحیتوں اور شعبوں میں موجود ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کو مضبوط بنانے اور طے شدہ فوجی صلاحیتوں کی فوری تعیناتی کے لیے اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ ریاض میں تینوں ممالک کے دفاعی اتحاد کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔

