لاہور (این این آئی) چیئرمین پاکستان علما کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا نعمان ہاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا انوارالحق مجاہد، علامہ طاہر الحسن، حافظ مقبول احمد، مولانا امین الحسن قاسمی، مولانا سید محمد افضل شاہ، مولانا ذوالفقار احمد، مولانا مفتی مبشر احمد نظامی، مولانا عبدالمتین قاسمی اور مولانا اسد زکریا نے اپنے مشترکہ بیان میں ابھا اور ریاض کے شہری ہوائی اڈوں پر حوثی باغیوں کے حملوں کی شدید ترین مذمت کی ہے۔قائدین نے کہا کہ شہری ہوائی اڈوں پر حملے، بے گناہ انسانوں کی جانوں کا ضیاع اور ان کارروائیوں کے نتیجے میں تعلیمی و طبی مراکز کو پہنچنے والا نقصان ناقابلِ برداشت ہے۔ مسافروں، بچوں اور مریضوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ ان حملوں کے لیے کوئی سیاسی یا مذہبی جواز قبول نہیں کیا جا سکتا۔ یہ کھلی دہشت گردی ہے اور اس دہشت گردی کے خلاف پورا عالمِ اسلام سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
