تہران (این این آئی) ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی ترکمانستان میں ملاقات
ہوئی ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق اس موقع پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ روس ایران جنگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کو تیار ہے، اس حوالے سے ایران کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ روسی صدر نے کہا کہ روس جانتا ہے کہ یہ تنازع ایران کی کسی غلطی کے بغیر شروع ہوا اور ایران تنازع ختم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔ صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ جنگ کے باوجود ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات سے دستبردار نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کر رہے ہیں لیکن جب بھی ہم امریکا کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں، وہ دوبارہ حملہ کر دیتا ہے، اس کے باوجود ہم مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ مسعود پزشکیان نے بتایا کہ تہران نے اپنی تجاویز پیش کر دی ہیں جبکہ واشنگٹن نے بھی نئی تجاویز دی ہیں، ہم نے ان تجاویز میں اپنی ترامیم کر لی ہیں، جب یہ حتمی شکل اختیار کر لیں گی تو موجودہ ثالثوں کے ذریعے ہمیں بیٹھ کر انہیں یکجا کرنا ہوگا۔ ایرانی صدر نے علاقائی امور اور اقوامِ متحدہ میں روس کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماسکو نے یکطرفہ اقدامات کے رجحان کا مقابلہ کرنے میں مدد دی ہے۔
