راولپنڈی، اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا فوری حملے بند کرے، پاکستان ہر خطرے کے مقابلےمیں سعودیہ کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ ادھروزارت اطلاعات و نشریات نے حوثیوں کے خلاف پاک فضائیہ کے استعمال سے متعلق امریکی اخبار کی خبر جھوٹی اور من گھڑت قرار دے دی، جبکہ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مکہ معاہدے کی کمیٹی نے دفاعی تعاون کیلئے عملی اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیئے گئے انٹرویو کے اہم اقتباسات سامنے آگئے۔انٹرویو دیتے ہوئے افواج پاکستان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج مختلف صلاحیتوں اورشعبوں میں کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں موجود ہیں، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اچانک وجود میں آنے والا اتحاد نہیں ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت عملی کارروائی کے حوالے سے واضح کیا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا نفاذ اور اس کے نتیجے میں سامنے آنے والے تمام اثرات خالصتاً دفاعی نوعیت کے ہوں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کس طرح ہوگا، کون سا دستہ وہاں جائے گا اور اسے کس انداز میں استعمال کیا جائے گا، اس کا فیصلہ آپریشنل کمانڈرز کریں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کو خطے کے استحکام کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں حالیہ برسوں میں نئے سکیورٹی چیلنجز نے جنم لیا ہے، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ناکام بنانے کی مشترکہ دفاعی قوت کا کام کرے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کسی بھی ملک پر حملہ سب پر حملہ تصور ہوگا، جس کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی عناصر مذموم مقاصد کو عملی جامہ پہنانے سے پہلے کئی بار سوچیں گے، اس کا مقصد کسی کو دشمن یا دوست قرار دینا نہیں، ایک مقصد سعودی عرب کا دفاع کرنا ہے اور سعودی عرب کا دفاع کیا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے امریکہ ایران جنگ کے خاتمے کیلئے معاہدے کی کوششوں کے حوالے سے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کیا، اب بھی کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے تاکہ اختلافات کم ہوں اور مذاکرات کے ذریعے پرامن حل نکلے، ہم چاہتے ہیں کہ یہ تنازع مزید نہ پھیلے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے انتہائی دیانت دار ثالث کے طور پرغیر جانب داری سے امریکا ایران جنگ بندی کے لئے اہم کردارادا کیا ہے، ہمارا مفاد علاقائی امن اوراستحکام میں ہے اورہم نے اپنے تمام شراکت داروں اور دوستوں کو بتایا ہے کہ جنگ کو مزید پھیلانے سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودیہ کی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔جاری بیان میں وزیراعظم نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہروں ریاض اور ابہا کے ائیر پورٹس کو نشانہ بنانے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے حملوں میں شہریوں کی اموات اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے سعودی افواج اور اتحادی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مستعدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی افواج اور اتحادی فورسز نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے کے تحت سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے حق کی پاکستان مکمل حمایت کرتا ہے، حوثی ملیشیا فوری طور پر سعودی عرب پر حملے بند کرے، پاکستان ہر خطرے کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ قبل ازیں وزارت اطلاعات و نشریات نے حوثیوں کے خلاف پاک فضائیہ کے استعمال سے متعلق امریکی اخبار کی خبر جھوٹی اور من گھڑت قرار دے دی۔جاری بیان میں وزارت اطلاعات نے کہا کہ عالمی میڈیا مکہ معاہدے کے تحت پاکستانی افواج کے استعمال پر قیاس آرائیوں سے گریز کرے، افواج کی کسی بھی قسم کی تعیناتی اگر ضروری ہوئی تو اس کی تفصیلات متعلقہ حکام خود فراہم کریں گے۔قبل ازیں دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی فورسز سعودی عرب میں صرف دفاعی مقاصد کے لیے موجود ہیں تاہم یمن پر پاک فضائیہ کی کارروائی یا کسی اسٹرائیک کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنر ہے مکہ معاہدے سے متعلق وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے مکمل مشاورت کی، سیاسی قیادت اس سارے معاہدے میں مشاورت میں شامل تھی، ترکی کی جانب سے گراؤنڈ فورسز کا فیصلہ کرنا ان کا اپنا معاملہ ہے ترکی مکہ معاہدے کا حصہ ہے اور دفاع کی ذمہ داری تمام رکن ممالک پر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب میں صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے، یمن پر پاک فضائیہ کی کارروائی یا کسی اسٹرائیک کی خبریں بے بنیاد ہیں، پاکستان کا فیصلہ قانون کے مطابق ہے، پاکستان کے اپنے رولز آف بزنس ہیں ہم نے سب چیزیں مشاورت سے طے کیں۔انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس ہوا، پاکستان کے وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور فیلڈ مارشل نے شرکت کی، کمیٹی نے دفاعی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔مکہ دفاعی معاہدے کی پارلیمنٹ سے منظوری کے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے مشترکہ میں شامل ہونا پوری حکومت کا فیصلہ تھا یہ کوئی یک طرفہ فیصلہ نہیں، معاہدے میں شامل ہونے پر وزیر اعظم کی سربراہی میں میٹنگز ہوئیں، وزیر اعظم اور نائب وزیراعظم دونوں سیاسی لوگ ہیں اور کابینہ کے ممبران ہیں۔
ترجمان پاک فوج
بریکنگ نیوز
- اعلان عام برائے قومی بچت صارفین
- امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان حیدر آباد میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کے زیراہتمام تربیت گاہ سے خطاب کر رہے ہیں۔
- کیپیٹل پلازہ میں کمرشل قوانین کی کھلی خلاف ورزی جاری
- وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ چکوال سے ضلعی عوام کو کیا ملا
- کرک :ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد شعیب کی محکمہ صحت کا اہلکار رہائشی علاقے میں ڈینگی مچھروں کے خاتمے کیلئے گوگنگ کرتے ہوئے ۔
- سی پی اونے محکمہ پولیس میں بھی سخت احتساب کا عمل شروع کردیا
- راولپنڈی :سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں افسران سے میٹنگ کرتے ہوئے ۔
- مری سے راولپنڈی کا کرایہ 310 یا 330 روپے
- *اے این ایف کا مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈان
- گوجرخان پولیس کا مبینہ فحاشی کے اڈے پر چھاپہ، ایک مرد سمیت تین خواتین گرفتار
- سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کا ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے ہمراہ ملاکنڈ کا دورہ
- فحاشی کے مبینہ اڈے سے حراست میں لئے گئے 5 مرد و خواتین مقدمہ سے ڈسچارج
- میرپور اور گردونواح مبینہ طور پر افغان باشندوں کے لیے سونے کی چڑیا بن گئے
- تباہ حال فلسطینیوں سے لفظی نہیں عملی اظہار یکجہتی کیا جائے:عامر صدیقی
- آئرن اینڈ اسٹیل ایسوسی ایشن راولپنڈی کے ایک اعلی سطحی وفد نے چیئرمین میاں اکرم فرید کی قیادت میں راولپنڈی چیمبر کا دورہ کیا اورآر سی سی آئی کے سرپرستِ اعلی سہیل الطاف و اعلی عہدے داران سے اہم ملاقات کی ۔
- نابن جنجوعہ سے دو قیمتی 125 موٹر سائیکل چوری، نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج
- راولپنڈی اسٹیل ایسوسی ایشن کینو منتخب اعلی سطحی وفد کا راولپنڈی چیمبر کا دورہ
- ٹیکسلا کچہری کے سامنے ٹرک کی بریک فیل، رکشہ اور موٹر سائیکل زد میں آ گئے، دو خواتین شدید زخمی
- 7 مقدمات میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت کسی کاروائی کے بغیر 12 دسمبر تک ملتوی
- تلہ گنگ کے لیے 200 کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکج کی منظوری
