راولپنڈی (سٹی رپورٹر)سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ جہانزیب امان حفیظ نے تھانہ روات کے علاقے میں فحاشی کے مبینہ اڈے سے حراست میں لئے گئے 5 مرد و خواتین کو مقدمہ سے ڈسچارج کردیا ہے عدالت نے حکم دیا ہے کہ اگر ملزمان کسی اور مقدمہ میں مطلوب نہیں تو انہیں فوری رہا کیا جائے گزشتہ روز 2 مردوں اور 3 خواتین پر مشتمل پانچوں ملزمان کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ ملزمان کو 27 نومبر کو نجی ہاسنگ سوسائٹی کے فلیٹ میں واقع فحاشی کے اڈے سے گرفتار کیا گیا تھا جن کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ آج مکمل ہوگیا ہے لہذا ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوایا جائے اس موقع پر ملزمان کے وکیل وحید ناز جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی آر میں عائد الزامات من گھڑت ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تاہم عدالت نے قرار دیا کہ پولیس ایف آئی آر میں عائد الزامات ثابت نہیں کرسکا نہ ہی لڑکیوں کی خرید وفروخت کے کوئی شواہد پیش کئے گئے لہذا تمام ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا جاتا ہے عدالت نے ہدایت کی کہ اگر ملزمان کسی اور مقدمہ میں مطلوب نہیں تو انہیں فوری رہا کیا جائے۔
