پنڈوریاں (نمائندہ خبریں) وفاقی دارالحکومت کے علاقے پنڈوریاں میں واقع کیپیٹل پلازہ میں کمرشل قوانین کی کھلی خلاف ورزی جاری ہے، جہاں متعدد کمرشل دکانوں میں کمرشل میٹرز کے بجائے گھریلو (ڈومیسٹک) میٹرز نصب کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس مبینہ بے ضابطگی میں واپڈا (آئیسکو) کے مقامی عملے کی ملی بھگت شامل ہے، جس کے باعث قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق کیپیٹل پلازہ پنڈوریاں میں قائم دکانوں اور کاروباری مراکز میں باقاعدہ کمرشل سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم قوانین کے برعکس ان دکانوں کو گھریلو ٹیرف پر بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ عام شہری اگر معمولی تاخیر یا تکنیکی غلطی کا شکار ہو جائے تو واپڈا عملہ فوری کارروائی کرتا ہے، لیکن بااثر دکانداروں اور پلازہ مالکان کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔
